ٹھٹہ: ساحلی پٹی پر پام آئل کی پیداوار شروع ہو گئی، جو بڑا کارنامہ ہے: مرتضیٰ وہاب - Eye News Network

ٹھٹہ: ساحلی پٹی پر پام آئل کی پیداوار شروع ہو گئی، جو بڑا کارنامہ ہے: مرتضیٰ وہاب

0

کراچی(ای این این ایس) محکمہ ماحولیات وساحلی ترقی سندھ کی پام آئل مل نے پیداوار شروع کردی ہے۔ مشیر ماحولیات و ساحلی ترقی اور ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نے سیکریٹری محکمہ ماحولیات و ساحلی ترقی اسلم غوری، ڈی جی ساحلی ترقی اور دیگر افسران کے ہمراہ گزشتہ روز ضلع ٹھٹھہ میں غلام اللہ ٹاؤن میں لگائی گئی پام آئل مل کا دورہ کیا۔ بیرسٹر مرتضی وہاب نے پام آئل فیلڈ کا بھی دورہ کیا اس موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ک محکمہ ماحولیات و ساحلی ترقی نے ضلع ٹھٹھہ میں 50ایکڑ رقبے پر پام کے درخت کاشت کیے تھے الحمداللہ پام کے درختوں نے ریکارڈ پھل دینا شروع کردیا ہے جن سے یومیہ 2ٹن پام آئل کی پیداوار ہوگی۔ بیرسٹر مرتضی وہاب نے بتایا کہ پاکستان پام آئل کی درآمد پر سالانہ 4ارب ڈالر تک زرمبادلہ خرچ کرتا ہے جو ایک خطیر رقم ہے۔ ہماری کوششوں سے سندھ حکومت نے پام آئل کے پائلٹ پراجیکٹ کی کامیابی کے بعد کاشت کے لئے مزید زمین مختص کردی ہے ضلع ٹھٹھہ میں 1500ایکڑ رقبے پر پام کے مزید درخت کاشت کیے جارہے ہیں۔ پام کے درختوں سے نکلنے والے پھلوں سے آئل نکالنا شروع کردیا ہے جو ہماری بڑی کامیابی ہے۔
بیرسٹر مرتضی وہاب نے آزمائشی تجربہ کامیاب ہونے پر تمام عملے کو مبارکباد دی۔بیرسٹر مرتضی وہاب نے پام کی کاشت اور آئل کی پیداوار کو گیم چینجر بھی قرار دیا اور کہا کہ سندھ میں کاشت کیئے گئے پام اور آئل کی پیداوار کا تجربہ قابل عمل اور کامیاب رہا جس پر ہمیں خوشی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پام کے 1100درخت آزمائشی طور پر کاشت کیے گئے تھے جن سے پیداوار شروع ہوگئی ہے یہ نہ صرف سندھ بلکہ پورے پاکستان کے عوام کے لئے بڑی خوشخبری ہے کہ پام کی کاشت اور آئل کی پیداوار کا تجربہ کامیاب رہاہے۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ تھرکول کے بعد یہ سندھ حکومت کا پام آئل منصوبہ بھی نئی مثال ثابت ہوگا پام کی کاشت اور آئل کی پیداوار سے ضلع ٹھٹھہ میں بڑی سرمایہ کاری آئے گی محکمہ ماحولیات وساحلی ترقی کا پام آئل منصوبہ ہزاروں خاندانوں کے لئے روزگار کا سبب بنے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا یہ واحد اور پہلا منصوبہ ہے اس سے قبل ملک میں کہیں بھی پام آئل کی مل نہیں لگائی گئی ہے یہ پلانٹ محکمے نے چین سے درآمد کیا ہے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ تھر کول کی طرح اس منصوبے میں بھی مقامی لوگوں کو روزگار فراہم کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت اور وزیراعلی سندھ کے ویژن کو پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے۔

About Author

Leave A Reply