مٹھیانی:مشوری برادری میں سرداری پر تصادم کا خطرہ، ایک گروہ ضیاء لنجار اور دوسرا ممتاز چانڈیو کے قریب، 12 نومبر کو کشیدگی کا امکان - Eye News Network

مٹھیانی:مشوری برادری میں سرداری پر تصادم کا خطرہ، ایک گروہ ضیاء لنجار اور دوسرا ممتاز چانڈیو کے قریب، 12 نومبر کو کشیدگی کا امکان

0

مٹھیانی(ای این این ایس) مٹھیانی کے وارڈ نمبر 2 میں مقیم مشوری برادری کے دو گروہوں میں سرداری (سربراہی) پر کشیدگی تیز ہو گئی ہے، جس کے بعد دونوں فریق میں تصادم کا امکان بڑھ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی پی رہنما و سابق صوبائی وزیر ضیاء الحسن لنجار کے توسط سے حال ہی میں پی پی پی میں شامل ہونے والے نصر اللہ خان مشوری اور پی پی ایم پی اے ممتاز علی چانڈیو کے معرفت آنے والے سیٹھ مظہر مشوری و دیگر کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ مظہر مشوری نے برادری کا سردار منتخب کرنے کے لیے 12 نومبر کو نیاز علی مشوری گائوں میں اجلاس طلب کر لیا ہے، جبکہ نصر اللہ مشوری گروہ کے سینکڑوں لوگوں نے اس سردار کو نہ مانتے ہوئے اس اجلاس میں شرکت کا اعلان کردیا ہے، جس سے تصادم کا امکان بڑھ گیا ہے۔
دونوں گروہوں کی حکومتی پارٹی میں ہونے کی وجہ سے پولیس نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے جبکہ ضلعی قیادت بھی خاموش ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ درگاہ مشوری کے گدی نشین سائیں شفیع محمد مشوری نے متوقع سردار الطاف مشوری کو نہ مانتے ہوئے کہا ہے کہ مشوری برادری کا کوئی سردار نہیں کیونکہ ہم فقیر لوگ ہیں اور خدمت پر یقین رکھتے ہیں لیکن ہونے والے اجلاس میں بھرپور شرکت کرینگے۔
ای این این ایس سے بات کرتے ہوئے نصر اللہ مشوری کا کہنا تھا کہ مظہر اور شاہنواز مشوری شرارت کرکے برادری میں نفاق پیدا کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم ایسا ہونے نہیں دینگے۔ اس اجلاس میں ضرور جائینگے کیونکہ انہوں نے پورے ملک کی برادری کو دعوت دی ہے۔ الطاف مشوری برادری کا سردار نہیں ہو سکتا وہ ایک جرائم پیشہ شخص ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں تو پی پی میں آیا ان کو مجھے خوش آمدید کرنا چاہیے تھا لیکن وہ مخالفت پر اتر آئے ہیں۔
دوسری جانب مظہر مشوری کا کہنا تھا کہ سائیں شفیع محمد و دیگر کو روکا جائے وہ ہمارے اجلاس میں نہیں آسکتے کیونکہ ہم نے ان کو مدعو نہیں کیا۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ان کی آمد سے تصادم یقینی ہے، اس لیے انتظامیہ ان کو روکے۔ ای این این ایس سے بات کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ الطاف مشوری ہمارے سردار ہیں اور ان کی پگ کو کسی نے ہاتھ لگایا تو ہم خاموش نہیں بیٹھینگے۔انہوں نے کہا کہ ایم پی اے ممتاز چانڈیو نے ہم سے ملاقات میں بتایا کہ نصرللہ پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں تو ہم نے واضح کہا تھا کہ ہماری اس سے راہیں الگ ہیں، کیونکہ وہ شرارتی آدمی ہے۔
مظہر مشوری نے بتایا کہ انہوں نے عدالت سے رابطا کیا ہے اور شرپسند عناصر کو نوٹسز جاری ہو گئے ہیں۔
خیال رہے کہ دونوں گروہ پہلے جتوئی گروپ (این پی پی) میں شامل تھے اور بعد میں پی پی پی میں شامل ہوئے ہیں۔

About Author

Leave A Reply