جو ڈلیور نہیں کریگا، عوام اسے رد کر دیگی، پی پی خدمت پر یقین رکھتی ہے: ضیاء لنجار/ممتاز چانڈیو و دیگر کا نصر اللہ مشوری کی جانب سے پارٹی میں شمولیت پر جلسے سے خطاب - Eye News Network

جو ڈلیور نہیں کریگا، عوام اسے رد کر دیگی، پی پی خدمت پر یقین رکھتی ہے: ضیاء لنجار/ممتاز چانڈیو و دیگر کا نصر اللہ مشوری کی جانب سے پارٹی میں شمولیت پر جلسے سے خطاب

0

مٹھیانی(ای این این ایس) پی پی سیاسی انتقام پر نہیں بلکہ عوام کے کام اور خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار سابق صوبائی وزیر و ڈویژنل صدر شہید بینظیر آباد ضیاء الحسن لنجار نے جی ڈے اے رہنما نصر اللہ مشوری و دیگر کی پی پی میں شمولیت پر منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم روایتی سیاست سے ہٹ کر کام پر یقین رکھتے ہیں اور اگر منتخب نمائندے نے جاگیردارانہ انداز اپنایا تو اس سے بازپشت ہوگی۔ضیاء لنجار کا مزید کہنا تھا کہ پی پی حکومت ترقیاتی کاموں، تعلیم و صحت پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔
لنجارنے کہا کہ عمران خان سے لیکر جتوئی گروپ تک، جس نے بھی ڈلیور نہیں کیا، عوام نے اسے رد کردیا۔

اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی ممتاز علی چانڈیو نے کہا کہ پی پی نے جاگیردارانہ سیاست کا یہاں پر خاتمہ کیا اور پارٹی کے پرانے لوگوں کو اہمیت دی جارہی ہے، پی پی اور عوام کا شکریہ جنہوں نے مجھ جیسے متوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والے کو جاگیرداروں سے جتواکر اسمبلی پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ ایک زمانہ تھا جب پی پی کے اس علاقے میں چند لوگ ہوتے تھے جن میں انور پٹھان، بڈل ملک و دیگر شامل تھے لیکن اس وقت پورا ضلع پی پی کا قلعہ بن چکا ہے۔
پی پی میں شمولیت اختیار کرنے والے نصر اللہ مشوری کا کہنا تھا کہ انہوں نے جتوئی گروپ کے ساتھ 30 سال گذارے اس لیے ان کو برا نہیں کہینگے لیکن عوام کے مسائل حل نہ ہوئے، اب امید ہے کہ پی پی ہمارے مسائل حل کریگی۔
تقریب سے ضلعی صدر فیروز جمالی، لالا شوکت بلوچ و دیگر نے بھی خطاب کیا، جبکہ ایم پی اے سرفراز شاہ، سہیل اختر عباسی، انور پٹھان، بڈل ملک، وقار شیخ، تاج محمد شاہ، ڈاکٹر وزیر ملک، عتیق الرحمان قریشی، ایم بی چانڈیو و دیگر نے شرکت کی۔
قبل ازیں ضیاء لنجار، ممتاز چانڈیو کو سونے کا تاج، اجرک و ٹوپی پیش کی گئی، جبکہ دیگر 35 سے زائد افراد کو اجرک و ٹوپی پیش کی گئی۔خیال رہے کہ جلسے میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

About Author

Leave A Reply