لنڈی کوتل: انسدادِ پولیو مہم کا بائکاٹ، جھڑپ، متعدد گرفتار - Eye News Network

لنڈی کوتل: انسدادِ پولیو مہم کا بائکاٹ، جھڑپ، متعدد گرفتار

0

ضلع خیبر(ای این این ایس) لنڈی کوتل کے نواحی علاقے بازار ذخہ خیل میں ایک تنظیم کی جانب سے مساجد میں اعلانات کئے گئے کہ یہاں کوئی بھی اپنے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے نہیں پلوائیں، جب تک سسوبی کنڈاو کے سرحدی اور تجارتی راستے کو کھول نہیں دیا جاتا اور یہ یقین دہانی نہیں کرائی جاتی کہ بازار ذخہ خیل کے لوگوں کے ساتھ کسی بھی حوالے سے امتیازی سلوک نہیں کیا جائیگا۔

تنظیم کے مشران خبر جان اور سیال جان نے ذرائع کی وساطت سے میڈیا تک خبر پہنچاتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ چونکہ بازار ذخہ خیل میں زراعت، کارخانے اور کاروبار کے دوسرے وسائل اور ذرائع نہیں اس لئے حکومت سسوبی کنڈاو کا تجارتی راستہ کاروبار اور تجارت کے لئے کھول دے، بصورت دیگر وہ بچوں کو پولیو کے قطرے نہیں پلوانے دینگے ذرائع کے مطابق دو مرتبہ ان کے ساتھ انتظامیہ کے جرگے ہوئے لیکن نتیجہ خیز نہیں ہو سکے۔

یاد رہے کہ حکومت نے کچھ ہی عرصہ پہلے سسوبی کنڈاو کے سرحدی راستے کو افغانستان کے ساتھ تجارت کے لئے کھول دینے کا کہا تھا جس کی فیزیبلٹی پر بھی کام ہوا تھا لیکن باقاعدہ اس کا آغاز نہیں ہوسکا جس پر وہاں کے مقامی لوگوں نے مؤقف اختیار کیا کہ چونکہ بازار ذخہ خیل میں ہزاروں لوگ بے روزگار ہیں، غربت بڑھ رہی ہے اور لوگ فاقوں پر مجبور ہیں اس لئے اگر سسوبی کنڈاو کا تجارتی راستہ کھول نہیں دیا جاتا تب تک ان کا پولیو سے بائیکاٹ جاری رہیگا۔

ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز، سول انتظامیہ اور توحید الاسلام امن تنظیم کے ذمہ داران اور احتجاجی تنظیم کے مشران کے مابین دو بار جرگے ہوئے لیکن نتیجہ خیز ثابت نہ ہو سکے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر طارق حیات نے میڈیا کو بتایا کہ بازار ذخہ خیل ڈی سی خیبر اور اے سی لنڈی کوتل ان کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔ واضح رہے کہ تنظیم کے رضاکاروں نے توحید الاسلام کی موٹر کار پر شدید پتھراؤ کیا جس کے ردعمل میں توحید الاسلام کے رضاکاروں نے تنظیم کے کچھ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

About Author

Leave A Reply