نواب شاہ(ای این این ایس)سماجی تنظیم ہاری ویلفیئر ایسوسی ایشن اور چائلڈ کلب نواب شاہ کی جانب سے بچوں کے عالمی دن کے موقع پر نواب شاہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرنے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے اکرم خاصخیلی، مطھر احمد، ملائکا، فران گل، شہزاد خاصخیلی، طارق حسین چنڑ، سمیع اللہ بھٹی ودیگر نے کہا کہ سندھ میں آج بھی بچے اپنے حقوق سے محروم ہیں۔
سندھ میں بچوں کے حقوق کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، سندھ میں بچوں کا بنیادی اور آئینی تعلیم کا حق ہے جن سے وہ محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں 64 لاکھ بچے تعلیم سے محروم ہیں جن میں سے 33 لاکھ بچیاں شامل ہیں جس کی ذمہ دار سندھ حکومت ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں بچوں سے ہونے والی زیادتیوں کی صورتحال بھی انتہائی تشویش ناک ہے۔ سال 2019 میں بچوں سے ہونے والی زیادتیوں کے 861 کیس رپورٹ ہوئے جن میں 155 بچوں کے اغوا کے کیس، 231 بچوں کی گمشدگی کے کیس اور 85 چھوٹی عمر میں شادی کے کیس رپورٹ ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بچوں کے اغواء کے حوالے سے صورتحال انتہائی خراب ہے، جن میں 7 اضلاع سندھ کے ہیں جن میں خیرپور، سکھر، لاڑکانہ، حیدرآباد، دادو نوشہرو فیروز شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں بچوں کی ہر روز اغوا کرکے جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد انہیں جلا کر مارنے دیا جاتا ہے لیکن بچوں کے حقوق پر بنائے گئے قانون پر کسی بھی قسم کا عمل درآمد نہیں کیا جا رہا، انہوں نے کہا کہ بچوں کی حفاظت کے لیے بنائے گئے چائلڈ پروٹیکشن یونٹ بھی ابھی تک فعال نہیں ہو سکے، سندھ میں لاکھوں بچے جبری مشقت کرتے ہیں ان کی روک تھام کے لیے حکومت کوئی بھی اقدام نہیں اٹھا رہی۔
سماجی رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ سندھ میں تعلیم کی بہتری کے لیے اقدامات اٹھا کر لاکھوں بچوں کا مستقبل بچایا جائے اور بچوں کے حقوق پر بنائے گئے قوانین پر عمل درآمد کرکے ان کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا خاتمہ کیا جائے۔