وانا میں پی ٹی ایم کا مظاھرہ، ارمان لونی کے قاتلوں کو سزا دینے کا مطالبہ - Eye News Network

وانا میں پی ٹی ایم کا مظاھرہ، ارمان لونی کے قاتلوں کو سزا دینے کا مطالبہ

0

وانا(ای این این ایس) جنوبی وزیرستان کے ضلعی ہیڈکوارٹر وانا میں پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کا ایک مظاہرہ ہوا، جس میں سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی، یہ مظاہرہ پروفیسرابراھیم ارمان لونی کی دوسری برسی کی مناسبت سے کیا گیا۔ابراھیم ارمان لونی کو 2 فروری 2019 میں بلوچستان کے لورالائی شہر میں پولیس والوں نے مبینہ طور پر بٹ مار کے شہید کیا تھا، لیکن تاحال ان کے قاتلوں کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔
اس مناسبت سے وانا میں پی ٹی ایم کے مظاہرین کا موقف تھا کہ مظاہرے کا مقصد حکومت اور اعلیٰ منصب پر فائز حکام کو یاد دہانی کرانی ہے، کہ پروفیسر ابراھیم ارمان لونی کا خون رائگاں نہیں جائے گا۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر لاٹھی گولی کی سرکار نہیں چلے گی نہیں چلے گی اور دیگر نعرے بھی درج تھے۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ابراھیم ارمان لونی کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔
خیال رہے کہ یہ مظاہرہ ایک ایسے وقت میں ہورہا ہے کہ جنوبی وزیرستان سے منتخب عوامی نمائندہ اور پی ٹی ایم کے سرکردہ رہنماء ایم این اے علی وزیر کو حکومت نے دہشت گردی کے مقدمے میں جیل بھیج دیا ہے اور ابراھیم ارمان لونی کی دوسری برسی منانے اور پی ٹی ایم کے اسیر رہنماؤں و کارکنوں کی رہائی کے سلسلے میں 7 فروری کو پشاور میں پی ٹی ایم نے ایک بڑے جلسے کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔

About Author

Leave A Reply