اسلام آباد (ای این این ایس) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہاہے کہ صحافیوں کی ہاوسنگ سکیم میں صرف پلاٹ ان صحافیوں کو دیے جائیں گے جن کوپہلے نہیں ملے جس صحافی نےدوبارہ پلاٹ لینے کی کوشش کی اس کا نام نیب کو دیا جائے گا، صحافیوں کو پلاٹ کی تقسیم میں شفافیت برقرار رکھی جائے گی۔تمام نام ویب سائیٹس پرڈالے جائیں گے۔ انہوںنے گزشتہ روز پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ورکرز کے صدر پرویز شوکت سے ملاقات کے دوران ان خیالات کا اظہارکیا۔ ملاقات میں پی ایف یو جے کے نائب صدر طاہر راٹھور، آر آئی یو جے ورکرز کے صدر یاسر شیخ، جنرل سیکرٹری عاطف شیرازی، سنئیر جوائنٹ سیکرٹری ثاقب سلیم قریشی، جوائنٹ سیکرٹری وہاب علوی، عبیدابرار خان، کاشان اکمل، معین خان، انوارزیدی، نعمان سلہری، ملک تنویر، اور کوآرڈینیٹر احمد فراز موجود تھے۔
ملاقات میں پرویز شوکت نے صحافی کالونی کے حوالے سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے تجاویز پیش کیں اور کہا کہ نئی کالونی میں ان صحافیوں کو پلاٹ دیے جائیں جنہیں پہلے کسی صحافی کالونی یا میڈیا ہاوسنگ سکیم میں پلاٹ نہیں ملے ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ پلاٹوں کی فہرست میں شفافیت کو مد نظررکھا جائے اور بلاتفریق ورکنگ جرنلسٹس کو پلاٹ دیے جائیں۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے ان تجاویز پرا تفاق کرتے ہوئے کہا کہ شفافیت کو مد نظر رکھا جائے گا اور جن صحافیوں کواسلام آباد راولپنڈی میں پلاٹ نہیں ملے ہیں صرف ان کو ہی دیے جائیں گے، عمر کے اس حصہ میں پہنچ چکے ہیں کہ اب نیب نہیں جایا جاتا، انہوں نے کہا کہ کسی نے حقدار کا حق مار کر دوبارہ پلاٹ لینے کی کوشش کی تو اس کا نام نیب کو دیا جائے گا، اس سکیم کو شفاف بنانا میری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف ان صحافیوں کو پلاٹ دیے جائیں گے جن کو پہلے پلاٹ نہیں ملے ہیں انہوں نے کہاکہ تمام نام ویب سائیٹ پر شائع کیے جائیں گے تاکہ شفافیت برقرار رکھی جائے اگر کسی نے دوبارہ پلاٹ لینے کی کوشش کی تو کارروائی کی جائے گی۔ انہوںنے کہاکہ پی ایف یو جے ورکرز شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے ہماری مدد کرے۔