کراچی(ای این این ایس) الیکشن کمیشن انتخابات میں افراد باہم معذوری کے جمہوری اور بنیادی انسانی حقوق کو مد نظر رکھتے ہوئے تمام پولنگ اسٹیشن پر وہیل چیئر پر آنے والے ووٹرز کی آمدورفت کے لئے دیگر انتخابی سامان کے ساتھ عارضی ریمپ بھی انتخابی عملے کو فراہم کرے۔
اس بات کا مطالبہ ریجنل الیکشن کمشنر کراچی سید ندیم حیدر سے گذشتہ روز مقامی ہوٹل میں منعقدہ ریجنل کولیشن فار انکلو سیو پاکستان کراچی کے ممبران کی ماہانہ مجلس کے دوران کیا گیا۔
ریجنل مینٹور نسیم اخترشیخ نے مزید کہا کہ صوبائی و ضلعی سطح پر الیکشن کمیشن کا بھرپور تعاون رہا ہے اور امید کرتے ہیں کہ پچھڑے ہوئے طبقات کو مرکزی دھارے میں شامل کرنے کے لئے ادارہ اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
ممبران نے توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کا جینڈر ونگ قومی سطح پر خواتین کی ووٹ رجسٹریشن کے لئے بہت اچھا کام کر رہا ہے لیکن صوبائی جینڈر ونگ کی نشست ابھی تک خالی ہے ہماری ڈیمانڈ ہے کے اس سیٹ پر کسی قابل اور جینڈر سینسیٹائزڈ افسر کی تقرری کو فوری یقینی بنایا جائے اور ساتھ ساتھ خواجہ سرا اور منفرد اہلیت کے حامل افراد کے حوالے سے بھی پالیسی وضع کی جائے تاکہ وہ با آسانی کسی بھی الیکشن میں بطور امیدوار حصہ لے سکیں اور رائے دہی کا حق استعمال کر سکیں ۔
ندیم حیدر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی پوری کوشش ہوتی ہے کہ قواعد و ضوابط اور انتخابی قوانین پر مکمل عملدرآمد کرے اور کروائے۔ خواتین سمیت دیگر نظر انداز طبقات کے لئے ہمارا جینڈر ونگ خصوصی توجہ دے رہا ہے۔ ہمارے صوبائی و ضلعی افسران بھی خواتین کے شناختی کارڈ اور ووٹر رجسٹریشن کے لئے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔ آپ اپنی تحریری تجاویز دیں ہم اپنی قواعد و ضوابط کے تحت ان پر عملدرآمد کرنے کے لئے تیار ہیں۔
ماہانہ اجلاس میں ضلعی الیکشن کمشنر سجاد خٹک، کنوینر صبیحہ شاہ، بندیا رانا، ارم صائم، لعل محمد، فیروزہ عظمت، ساجدہ عندلیب و دیگر ممبران نے شرکت کی۔