نوشہرو فیروز/مٹھیانی (ای این این ایس) مٹھیانی کے قریب گائوں سومر خان مشوری میں گھریلو تنازعہ پر مشوری قبیلے کے دو گروہوں میں جھگڑے کے دوران تین افراد زخمی ہو گئے، جس کے بعد دونوں گروہوں نے مٹھیانی تھانہ پر پہنچ کر قبضہ کرلیا اور وہاں پر پولیس کی موجودگی میں ایک دوسرے پر ٹوٹ پڑے، جبکہ پولیس تماشہ دیکھتی رہی۔
ہجوم کی تھانہ اور روڈ پر موجودگی سے راستہ بند ہو گیا۔ تاہم کافی دیر کے بعد پولیس نے دونوں گروہوں کو مقدمہ درج کرنے کی یقین دہانی پر راضی کر لیا۔
پولیس کے مطابق زخمیوں میں ایک عورت ماجدہ، سلیم رضا اور عبدالحمید شامل ہیں، جن کو اسپتال داخل کیا گیا ہے جبکہ اسلم پرویز کی رپورٹ پر دو خواتین سمیت 9 افراد کے خلاف این سی درج کرلی ہے، جن میں الہیار، مختیار، اسرار، عبدالحمید و دیگر شامل ہیں۔
خیال رہے کہ مٹھیانی تھانہ کے لوگوں کا آپس میں معمول بنتا جا رہا ہے، حال ہی میں بھٹو اور مستوئی نوجوانوں کے مابین تھانے پر جھگڑا ہوا تھا۔ اس سے پہلے بھی مشوری قبیلے کے لوگوں نے اسپتال پر دھاوا بول دیا تھا اور تھانہ کا گھیرائو کیا تھا۔