حب (ای این این)جمعیت علماء اسلام (ف) اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی حب آمد، جے یو آئی بلوچستان کے صوبائی رہنماء مولانا غلام قادر قاسمی کے جواں سالہ بیٹے کے انتقال پر تعزیت و فاتحہ خوانی کی۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز جمعیت علماء اسلام (ف) اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حب آمد کے موقع پر جے یو آئی بلوچستان کے صوبائی رہنماءو جا معہ قاسم العلوم بھوانی کے سربراہ مولانا غلام قادر قاسمی کے جواں سالہ بیٹے حافظ سلیم اللہ کی وفات پر اظہار تعزیت کیا اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع انہوں نے جامعہ قاسم العلوم بھوانی میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی پورے ایوان میں 6ممبران کے ساتھ عدم اعتماد کی تحریک لانا چاہتی ہے جو کہ نا ممکن ہے اگر ان میں دم ہے تو تحریک عدم اعتماد کو لائیں تاکہ ہم بھی دیکھیں کہ یہ تحریک کس طرح کامیاب ہوسکتی ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ امریکہ کی سپریمیسی ختم ہوچکی ہے، امریکہ سمیت پورا نیٹو شکست خردہ ہے اور شکست خردہ لوگ اس پوزیشن میں نہیں ہوا کرتے کہ وہ شرطیں لگائیں اور دنیا کو اپنی شرائط پر مجبور کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب 20سال پہلے طالبان حکومت تھی تو اس وقت افغانستان کے مسئلے پر چائنااور روس کی کوئی دلچسپی نظر نہیں آرہی تھی مگر آج ان کی دلچسپی بڑی واضح نظر آرہی ہے اور خطے پر امریکہ اور مغربی قوتوں کے کوئی ایسے سیاسی اثرات نہیں ہیں کہ وہ شکست کے بعد بھی ہم پر شرائط رکھیں، ہماری جنگ تو یہی ہے کہ ہم مغربی تہذیب کے معیارات کو تسلیم نہیں کرتے، ہمارے اپنے اسلامی معیارات نہایت محترم ہیں اور انسانی حقوق میں اسلام کا کوئی بدیل اور وسیل نہیں ہے۔ جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پی ڈی ایم تحریک کے غیر متحرک ہونے کی وجوہات بہت سی ہیںظاہر ہے کہ جب اپنے دوستوں کی صف میں سے کوئی ہمارے پیٹھ پر چھرا گھونپتا ہے توتحریک متاثر تو ہوہی جاتی ہے، ساتھ ہی گرمی کا موسم، کوویڈ اور پھر رمضان شریف یہ تمام چیزیں بھی غیر متحرکی کا سبب بنیں لیکن ان سب کے باوجودہم نے جو جلسے کئے ہیں ان سے ثابت ہوا ہے کہ عوام کے جذبے میں کوئی کمی نہیں آئی۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ ہم 26ستمبر کو اسلام آباد میں ایک کنونشن کرنے جارہے ہیں جس میں ملک کے تمام با اثر طبقے شریک ہونگے۔مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی ایم میں کسی قسم کا تعصب نہیں ہے، پی ڈی ایم اور جمعیت علماء اسلام کا صرف یہی بنیادی مطالبہ ہے کہ عام انتخابات کرائے جائیں ، حکومتی پارٹی توحالیہ دنوں محض تجربہ کررہی ہے اور حکومتی پارٹی کو بری طرح شکست ہوئی ہے۔آخر میں انکا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے جو انتخابات کیلئے مشین لائی جارہی ہے یہ دھاندھلی کی ایک پیشگی منصوبہ بندی ہے، یہ حکومت ہمیں منصفانہ الیکشن کی یقین دہانی کراتی ہے جو خود دھاندھلی کی پیداوار ہے۔
ہم ان کے انتخابی اصلاحات کو مسترد کریںگے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے سرکردہ رہنماء مولانا غلام قادر قاسمی، جے یو اآئی لسبیلہ کے رہنماء حافظ مولانا محمد یعقوب ساسولی، جمعیت علماء اسلام تحصیل حب کے امیر مولانا شاہ محمد صدیقی سمیت پارٹی کے دیگر رہنماء و سماجی رہنمائوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔