ساکران کے لوگوں کو دیا گیا بے دخلی نوٹس سراسر غلط ہے، مقامی لوگوں سے سیاسی انتقام لیا جارہا ہے، اسلم بھوتانی - Eye News Network

ساکران کے لوگوں کو دیا گیا بے دخلی نوٹس سراسر غلط ہے، مقامی لوگوں سے سیاسی انتقام لیا جارہا ہے، اسلم بھوتانی

0

حب(ای این این ایس) عوام کے حقوق کے لئے جیل جانا پڑے، تو جائیں گے۔عدالت اور قانون کی جنگ لڑیں گے۔ ضلع لسبیلہ کی انتظامیہ کی جانب سے ساکران کی عوام کو دیا گیا بے دخلی کا نوٹس سراسر غلط ہے۔ حب اور ساکران میں کوئی صنعتی ترقی نہیں کی جارہی۔ مقامی لوگوں سے سیاسی انتقام لیا جارہا ہے۔ جو صنعتی ترقی کے منصوبے پائپ لائن میں موجود ہیں پہلے صوبائی حکومت انہیں پائے تکمیل تک پہنچائے۔ وندر انڈسٹریل ایریہ میں تمام تر سہولیات ہونے کے باوجود اقدامات نہیں کئے جارہے۔

ان خیالات کا اظہار لسبیلہ و گوادر سے منتخب رکن قومی اسمبلی محمد اسلم بھوتانی نے پیرکس پر موجود اپنے کیمپ آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ساکران کے مقامی لوگوں کو ضلع لسبیلہ کی انتظامیہ کی جانب سے انڈسٹریل زون کے نام پر بے دخلی کا نوٹس دینا سراسر غلط ہے انہوں نے کہا کہ صنعتی ترقی کے نام پر ساکران اور حب کی عوام سے سیاسی انتقام لیا جارہا ہے اور نام ترقی کا دیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہزاروں لوگوں کو نقل مکانی پر مجبورکردیں تو ایسی ترقی کا کیا فائدہ انہوں نے کہا کہ پائپ لائن میں جو صنعتی منصوبے موجود ہیں پہلے انہیں پائے تکمیل تک پہنچایا جائے۔

وندرانڈسٹریل ایریہ میں تمام تر سہولیات ہونے کے باوجود کوئی اقدامات نہیں کئے جارہے انہوں نے کہا کہ لوگوں کو بے دخل کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے ہم عدالتی اور قانونی جنگ لڑیں گے انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ لسبیلہ کی ضلعی انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ غریبوں کا گھر نہ گرائیں ورنہ وہ خود گر جائیں گے۔

About Author

Leave A Reply