خیبر:پولیس سپاہی دوران ڈیوٹی دل کا دورہ پڑنے سے جانبحق، کوئی اعلیٰ عملدار تعزیت کے لیے نہیں پہنچا - Eye News Network

خیبر:پولیس سپاہی دوران ڈیوٹی دل کا دورہ پڑنے سے جانبحق، کوئی اعلیٰ عملدار تعزیت کے لیے نہیں پہنچا

0

ضلع خیبر(رپورٹ:سدھیر احمد آفریدی/ای این این ایس) لنڈی کوتل الاچہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان پولیس اہلکار محمد اسلام آفریدی گزشتہ جمعہ کے روز دوران ڈیوٹی درے غاخی بازار ذخہ خیل کے مقام پر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ مرحوم پولیس سپاہی محمد اسلام آفریدی درے غاخی بازار ذخہ خیل میں اے ایس آئی منان آفریدی کی کمپنی کا حصہ تھے، جہاں ان کو آئے روز راشن سمیت دیگر مشکلات کا سامنہ کرنا پڑتا ہے، اے ایس آئی منان آفریدی کے مطابق جب ان کے سپاہی محمد اسلام آفریدی کو دل میں درد کی تکلیف شروع ہوئی تو ان کو ایک پرانی ڈاٹسن گاڑی میں لانے کی کوشش کی گئی لیکن وہ بھی راستے میں خراب ہوگئی ذرائع کے مطابق وہاں تعینات سیکیورٹی فورسز بھی ان کی مدد کر کے ہسپتال پہنچانے میں تعاون نہ کرسکی۔

خاندانی ذرائع نے بتایا کہ مرحوم کی دو چھوٹی بیٹیاں ہیں انہوں نے بتایا کہ محمد اسلام حاضر سروس کانسٹیبل تھے اور دوران ڈیوٹی ان کی موت ہوئی اس لئے ڈی پی او سمیت ایس ایچ او اور دیگر مقامی سینئر پولیس آفسران کا فرض بنتا تھا کہ وہ جنازے میں شریک ہوتے اور پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین کی جاتی لیکن انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوئی جنازے میں شریک ہوا اور نہ ہی تعزیت کے لئے حاضر ہوئے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ ایک سینئر پولیس آفیسر کے مطابق دور دراز پہاڑوں پر پولیس کے مقامی اہلکار تعینات تو کئے جاتے ہیں لیکن پھر ان کی حالت تک معلوم نہیں کی جاتی کہ وہاں وہ کس قسم کی مشکلات سے دوچار رہتے ہیں جب وہاں دو ہزار روپے کے کھانے کا راشن پہنچایا جاتا ہے تو اس کے لئے پوسٹ کمانڈر کو تین ہزار روپے کرائے پر گاڑی لینی پڑتی ہے مطلب اہلکاروں کی ساری تنخواہیں کھانے پینے اور دیگر ضروری سامان کی خریداری اور انتظامات پر خرچ ہوتی ہیں اور اس طرح ان کے پاس گھر کے لئے پیسے ہی نہیں بچتے جس سے وہ گھروں کے چولہے جلا سکے مقامی لوگوں اور پولیس اہلکاروں نے پولیس کے نیچے سے اوپر تک ذمہ داران کے اس منفی روئے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ اگر ماتحت اہلکاروں کا یہ حال ہو تو مشکل ہے کہ کوئی دراز دراز علاقوں میں ڈیوٹی کر سکے۔

About Author

Leave A Reply