صحافتی تنظیمیں حلیم عادل شیخ کے خلاف ڈٹ گئی، بائکاٹ کا اعلان - Eye News Network

صحافتی تنظیمیں حلیم عادل شیخ کے خلاف ڈٹ گئی، بائکاٹ کا اعلان

0

کراچی(ای این این ایس) پاکستان بھر کی صحافتی تنظیموں اور پریس کلب کے صدور نے تحریک انصاف کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کی جانب سے صحافیوں پر بے ہودہ الزامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے تحریک انصاف کی قیادت پر تین روزکے لیے ملک بھر کے پریس کلبز میں داخلے پر پابندی کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام صحافیوں کو ہدایت کی ہے کہ تحریک انصاف کی سیاسی سرگرمیوں کی کوریج اپنے بھرپور احتجاج کے ساتھ ریکارڈ کرائیں۔

پی ایف یو جے کے صدر جی ایم جمالی، سکریٹری جنرل رانا محمد عظیم، لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے صدر شکیل انجم، کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سکریٹری رضوان بھٹی، کراچی پریس کلب کے سابق صدر امتیاز خان فاران، کے یو جے کے حسن عباس، حیدر آباد یونین کے صدر حمید الرحمٰن سمیت نوابشاہ، سکھر، گھوٹکی، ملتان، رحیم یار خان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ایبٹ آباد، پشاور کوئٹہ، جہانیاں، سرگودھا، بہاولپور کے عہدیداروں نے حلیم عادل شیخ کی غلیظ زبان اور صحافیوں پر جھوٹے الزامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ حلیم عادل شیخ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے کیونکہ اس قسم کے بازارو الفاظ تحریک انصاف کے رہنماوں کے لیے بھی سوالیہ نشان ہے۔ پاکستان کی صحافتی برادری متحد اور منظم ہے اور صحافت کے مقدس پیشے پر انگلیاں اٹھانے والے کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں۔

حلیم عادل شیخ کو اپنی فرسٹریشن صحافیوں پر نکالنے کے بجائے سیاسی مخالفین سے مقابلہ کرنا چاہیے۔ صحافی برادری کسی صورت یہ برداشت نہیں کرے گی کہ صحافت سے وابستہ مقدس پیشہ پر انگلی اٹھائی جائے۔ صحافتی رہنماوں نے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت پر واضح کیاہے کہ اگر حلیم عادل شیخ کے رویہ پر معذرت نہیں کی گئی تو ملک بھر کی صحافتی تنظیمیں اپنے احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہیں۔

About Author

Leave A Reply