بلاگر علی سلمان اہلیہ کے مبینہ قتل میں گرفتار - Eye News Network

 بلاگر علی سلمان اہلیہ کے مبینہ قتل میں گرفتار 

0

اسلام آباد(ای این این ایس) سوشل میڈیا بلاگر علی سلمان کی اہلیہ صدف زہرا کے قتل کے معاملے میں پولیس نے اہلِ علاقہ کے بیانات ریکارڈ کر لیے۔

اس حوالے سے مقتولہ کی ہمشیرہ ڈاکٹر مہوش زہرا نے کہا ہے کہ علی سلمان اور صدف زہرا کے درمیان گزشتہ ایک سال سے اکثر لڑائی جھگڑا رہتا تھا۔

علی سلمان کی اہلیہ صدف زہرہ کی لاش راولپنڈی میں ان کے گھر میں پنکھے کے ساتھ لٹکی ہوئی پائی گئی تھی جو ایک نجی ادارے میں ٹیچر تھیں۔

ان کی بہن کا کہنا ہیں کہ ان کا بہنوئی علی سلمان مختلف لڑکیوں کے ساتھ انٹرنیٹ اور موبائل پر مشغول رہتا ہے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ اسی وجہ سے گزشتہ ایک سال کے دوران میاں بیوی کے درمیان لڑائیاں جاری تھی، جن میں بعد میں شدت آگئی اور نوبت مار پیٹ تک پہنچ گئی۔

ڈاکٹر مہوش زہرہ کا کہنا ہے کہ ان کے بہنوئی نے ان کی بہن کا قتل کر کے اسے خودکشی ظاہر کرنے کی کوشش کی۔

پولیس حکام کے مطابق علی سلمان سے متعلق اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ وہ اپنی بیوی پر تشدد کرتا تھا اور گالم گلوچ کا بھی عادی ہے جبکہ اہل محلہ کے ساتھ بھی نارواسلوک روا رکھتا ہے۔

دو ماہ قبل اہلِ علاقہ نے پولیس کو گھر سے لڑائی جھگڑے کی آوازیں آنے پر بلایا تھا تاہم صدف زہرہ نے اسے گھریلو مسئلہ قرار دیتے ہوئے پولیس کو واپس بھجوا دیا تھا۔

لاش سے نمونے اور کمرے سے حاصل شواہد لاہور میں فارنزک لیبارٹری میں بھجوائے گئے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ رپورٹ آنے پر مقدمے کی کارروائی آگے بڑھے گی۔

About Author

Leave A Reply