تیرہ سال سے مفرور ملزمان کی پولیس کو تلاش، سانحہ 12 کے ملزمان پکڑنے کے لیے عدالت سے مزید مہلت مل گئی - Eye News Network

تیرہ سال سے مفرور ملزمان کی پولیس کو تلاش، سانحہ 12 کے ملزمان پکڑنے کے لیے عدالت سے مزید مہلت مل گئی

0

کراچی(ای این این ایس) انسداد دہشتگردی عدالت میں سانحہ 12 مئی سے متعلق کیس کی سماعت منگل کے روز ہوئی۔
تفتیشی افسر کی جانب سے ایک بار پھر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لئے عدالت سے مہلت کی استدعا کی گئی، جس پر عدالت نے تفتیشی افسر کو مفرور ملزمان کو 21 فروری تک گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے سانحہ 12 مئی کے مقدمے میں مفرور 4 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں، جن میں عبدالباری کاکڑ، حبیب اللہ، مشتاق اور وکیل خان شامل ہیں۔
مقدمے میں پولیس نے پیپلز پارٹی، اے این پی اور جماعت اسلامی کے 400 سے 500 نامعلوم کارکنوں کو شامل کیا ہے۔
پولیس کے مطابق مفرور ملزمان کا تعلق مختلف سیاسی جماعتوں سے ہے۔ملزمان کے خلاف تھانہ صدر میں سن 2007 میں مقدمات درج کئے گئے تھے۔
خیال رہے کہ سانحہ 12 مئی کے 11 مقدمات پہلے ہی اے ٹی سی 7 میں زیر سماعت ہیں۔ جن میں مئیر کراچی وسیم اختر سمیت دیگر پر فرد جرم عائد کی جاچکی ہے، جبکہ مئیر کراچی وسیم اختر سمیت 20سے زائد ملزمان ضمانت پر رہا ہیں۔
دوسری جانب عدالت 14 ملزمان کو پہلے ہی اشتہاری قرار دے چکی ہے۔ کراچی کے مختلف تھانوں میں سانحہ 12 مئی کے مقدمات درج ہیں۔

About Author

Leave A Reply