پی ایف یو جے کے 70 سال مکمل: کتاب شایع اور تقریبات کا اعلان - Eye News Network

پی ایف یو جے کے 70 سال مکمل: کتاب شایع اور تقریبات کا اعلان

0

اسلام آباد(ای این این ایس) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے قیام کو 70سال مکمل ہوگئے ہیں. آزادی صحافت کی جدوجہد کے لیے 2 اگست 1950 کو قائم کی گٸی۔
رواں ماہ 2اگست کو پی ایف یو جے کی ملک میں آزادی صحافت کے لیے جاری جدوجہد کو سات دہائیاں مکمل ہوگئی ہیں۔
اس موقع پر پی ایف یو جے کے صدر شہزادہ ذوالفقار اور سیکریٹری جنرل ناصر زیدی کی جانب سے جاری ایک اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی ایف یو جے کی فیڈرل ایگزیکٹیو کونسل نے تنظیم کے قیام کے ستر سال مکمل ہونے پر ملک بھر میں تقریبات کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت تمام ملحقہ یونینز اور پریس کلبز پی ایف یو جے کی آزادی صحافت کے لیے جاری عظیم جدوجہد کو سامنے لانے کے لیے ماہ اگست میں سیمینارز، کانفرنسز اور ریلیز کا انعقاد کریں گے۔
اعلامیے کے مطابق تنظیم کے 70 سال پر کتاب بھی شایع کی جارہی ہے کتاب میں ستر سالہ جدوجہد پر دیگر مواد کے علاوہ 40 ایسے مضامین بھی شامل ہیں جو پی ایف یو جے کی آزادی صحافت کی جدوجہد میں حصہ لینے والے نامور صحافیوں نے تحریر کیے ہیں۔ یہ وہ صحافی ہیں جنہوں نے ناصرف آمریت بلکہ سویلین ادوار میں بھی آزادی صحافت کے لیے جدوجہد میں حصہ لیا۔
اعلامیے کے مطابق کتاب کی تدوین و اشاعت کی نگرانی پی ایف یو جے کے سابق سیکریٹری جنرل مظہر عباس نے کی ہے۔ کتاب میں پی ایف یو جے کی آزادی صحافت میں مشعل راہ بننے والے ایم اے شکور، اسرار احمد، منہاج برنا اور نثار عثمانی پر مضامین شامل ہیں۔ کتاب میں ملک میں صحافیوں کے حالات کار اور مالی مشکلات پر تنظیم کے کردار پر مضامین بھی شامل ہیں۔
پی ایف یو جے کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کتاب میں تنظیم کی ستر کی دہائی اور 2007 میں کی گئی جدوجہد کا خاص ذکر ہے جب صحافیوں نے آزادی صحافت کے لیے جاری جدوجہد میں ہڑتالیں کیں، ریلیاں نکالیں اور مظاہرے کیے ۔ اس دوران متعدد صحافیوں کو ناصرف گرفتار کیا گیا بلکہ انہیں فوجی عدالتوں سے قید اور کوڑوں کی سزائیں بھی سنائی گئیں، جبکہ کئی بار انہیں نوکریوں سے بھی برخاست کیا گیا اور اس طرح انہوں نے ناصرف جسمانی مشقتیں برداشت کیں بلکہ مالی مسائل کا بھی شکار رہے لیکن کبھی اپنی جدوجہد سے دستبردار نہیں ہوئے۔
پی ایف یو جے کے اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ تنظیم نے گذشتہ سال اعلان کیا تھا کہ پی ایف یو کی آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے کے لیے جاری جدوجہد کے اظہار کے لیے سال 2020 کو آزادی صحافت کے عنوان سے منایا جائے گا۔ پی ایف یو جے کی جدوجہد پر مبنی کتاب کی اشاعت اور دیگر تقریبات اسی عزم اور ارادے کا اظہار ہیں۔
اعلامیے کے مطابق پی ایف یو جے نے 70 سالوں میں ہمیشہ ملک میں ناصرف آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے بلکہ شہری حقوق کی بحالی کی جدوجہد کی ہے اور آئندہ بھی صحافیوں کے حقوق کے حصول اور ان کے مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی. اعلامیے میں کہا گیا کہ موجودہ دور میں ملک بھر کی صحافی برادری اور میڈیا ورکرز بدترین مالی مشکلات اور سنسر شپ کاشکارہیں جس میں انہیں آئے روز پریس ایڈوائزز کا سامنا کرنا پڑتا ہے.

About Author

Leave A Reply