نوشہروفیروز(ای این این) ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز محمد تاشفین عالم کی زیر صدارت اگست 2022 میں ہونے والی ساتویں قومی مردم شماری کے انتظامات کے سلسلے میں ایک اجلاس ان کے دفتر میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر ڈویزنل سینسز کوآرڈینیٹر منور علی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون مہدی مالوف، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو سید عمار حسین رضوی کے علاوہ محکمہ تعلیم، لوکل گورنمنٹ، ادارہ شماریات اورتمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمنشرز اور مختیارکار موجود تھے۔
اس موقع پر ضلع میں ہونے والی ساتویں مردم شماری کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام تعلقہ اداروں کے افسران کو مکمل تیاری کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک قومی فریضہ ہے اس لئے ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیٹا کی درست معلومات سے درست فیصلے کرنے میں آسانی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون اس مہم کے فوکل پرسن ہوں گے۔ جبکہ ضلعی سطح پر ایک کنٹرول روم قائم کیا جائے گا۔اجلاس کی بریفنگ دیتے ہوئے ڈویزنل سینسز کوآرڈینیٹر منور علی نے بتایا کہ یکم آگست 2022 سے قومی مردم شماری دو فیزوں میں ہوگی۔ یہ مردم شماری مکمل طور پر ڈجیلم طریقے سے ہوگی ۔ تمام ڈیٹا ٹیبلیٹ پر آن لائن بھرا جائے گا۔ مردم شماری میں میونسپل، ٹائون کامیٹیوں اور یونین کونسل میں چارج اور سرکل کی تقسیم کے تحت کئے جائیں گے۔ زیادہ تر اینومریٹر محکمہ تعلیم سے لیئے جائیں گے باقی دیگر اداروں کے ملازمیں بھی اس مہم میں شامل ہوں گے۔
اس مہم میں کام کرنے والے عملے کو ایک ہفتے کی آئی ٹی کی تربیت فراہم کی جائے گی۔