کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے، اے ڈی سی سونیا کلیم - Eye News Network

کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے، اے ڈی سی سونیا کلیم

0

 نوابشاہ (ای این این) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون شہید بینظیر آباد سونیا کلیم نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی پانچویں نئی لہر کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت کی جانب سے جاری کردہ کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ ضلع بھر کی عوام کو کورونا کی موجودہ لہر سے بچایا جا سکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے دربار ہال میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ویکسین شدہ افراد گھروں سے نکلتے وقت ماسک کا استعمال لازمی طور پر کریں، جبکہ بازاروں میں دکاندار اور خریدار ماسک کے استعمال کے ساتھ ساتھ کورونا سے بچاؤ کی ویکسین ضرور کرائیں، اس کے علاوہ گاڑیوں میں سفر کرنے والے مسافروں کو بھی ایس او پیز پر عمل کرنے کا پابند کیا جائے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون نے تاجر برادری کے نمائندوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایس او پیز پر عمل درآمد کے سلسلے میں ضلع انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں تا کہ بازاروں میں لاک ڈائون کی نوبت ہی پیش نہ آئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا ویکسین شدہ اور ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے والے افراد کو سینیما ہال، درسگاہوں، گاڑیوں میں سفر اور دیگر تقریبات میں شرکت کی اجازت ہوگی، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اس موقع پر ڈی ایچ او ڈاکٹر دولت جمالی، ریجنل ڈائریکٹر پی پی ایچ آئی مظہر ویسر، ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد صابر قریشی، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن غلام عباس گوراہو، تاجر رہنما عبدالقیوم قریشی سمیت تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، پولس، دیگر متعلقہ محکموں کے افسران، ٹرانسپورٹرز اور تاجر تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

About Author

Leave A Reply