پاراچنار(ای این این ایس) عید کے موقع پر تنخواہیں اور پنشن نہ ملنے پر بلدیہ پاراچنار کے ملازمین نے احتجاج شروع کردیا ہے اور فوری طور تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے۔
پریس کلب پاراچنار کے باہر احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے بلدیہ پاراچنار کے ملازمین اور پنشنرز غلام حسین، سردار حسین، جانس مسیح، پیٹر مسیح اور دیگر ملازمین کا کہنا تھا کہ عید کے ایام میں انہیں تنخواہیں نہیں دی گئی، جس کی وجہ سے وہ گھریلوں ضروریات اور بچوں کیلئے عید کی خریداری نہیں کرسکے۔
ان کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آگئی ہے وہ احتجاج پر مجبور ہوگئے ہیں عید کے ایام میں ملک بھر کے سرکاری ملازمین کو عید سے قبل تنخواہیں اور عید پیکج دیا گیا ہے جبکہ بلدیہ پاراچنار کے ملازمین تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں اور احتجاج پر مجبور ہیں۔ انہوں نے فوری طور تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کا مطالبہ کیا اور مطالبہ پورا نہ ہونے کی صورت میں احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب ٹی ایم او سید بہار حسین کا کہنا ہے کہ ملازمین اور پنشنرز کی ادائیگیاں ایک سنگین مسئلہ ہے جس کے حل کیلئے وہ سرتوڑ کوششیں کررہے ہیں۔