ڈی سی نوشھروفیرو کا پاک فوج کے افسران سے کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد سے متعلق اہم اجلاس، رکن قومی اسمبلی نے ویکسین کرادی - Eye News Network

ڈی سی نوشھروفیرو کا پاک فوج کے افسران سے کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد سے متعلق اہم اجلاس، رکن قومی اسمبلی نے ویکسین کرادی

0

نوشھروفیرو (ای این این ایس) ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز کیپٹن ریٹائرڈ بلال شاہد راؤ کی زیر صدارت ان کے دفتر میں کورونا کی ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا  ایک اجلاس منعقد ہوا۔جس میں پاک فوج کے کرنل  جہانگیر، ڈی ایس آر انڈس رینجرز، ڈی ایس پی ہیڈ کواٹر، ڈی ایچ او ڈاکٹر سکندر علی عباسی و دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ 

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہم انتہائی خطرناک وبا کورونا  کا سامنا کررہے ہیں۔ اس لئے ہمیں حکومت کی جانب سے جاری ایس او پیز پر عمل کرانے  اور سماجی فاصلے کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے ڈی ایچ او کو ہدایت کی کہ وہ نوشہروفیروز میں قائم کورونا آئسولیشن سینٹر کو فعال بنا کر وہاں آکسیجن اور دیگر مطلوبہ  سامان کی موجودگی کو یقنی بنائیں۔

انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ جن علاقوں میں کورونا کے بڑھنے کے خدشہ پایا جاتا ہے  ان علاقوں کی نشاندہی کی جائے۔ تاکہ وہاں سمارٹ لاک ڈاؤن لگایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ہدایت کے مطابق صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک کاروبار کھلا رہے گا۔ جبکہ ہفتہ اتوار کو مکمل کاروبار بند رہے گا۔ شادی ہال، درگاہوں، کھیل کے میدان ، پارکوں  میں عام افراد کے اجتماعات پر پابندی لاگو ہے۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ کورونا ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کرکے مقدمات درج کریں۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز اور لوکل گورنمنٹ  کے افسران کو ہدایت کی کہ کورونا کے متعلق آگاہی مہم میں تیزی لانے کے لئے مساجد اور امام بارگاہو ں میں اعلانات کرائیں۔ اجلاس میں پاک فوج کے کرنل  جہانگیر نے بتایا کہ پوری سندھ میں پاک فوج کے جوان مقرر کئے گئے ہیں۔ جوکہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی مدد کریں گے اور ایس او پیز پر عمل درآمد کرائیں گے۔

دوسری جانب رکن قومی اسمبلی سید ابرار علی شاہ ڈپٹی کمشنر نوشہرو فیروز کیپٹن ریٹائرڈ بلال شاہد راؤ کے ہمراہ سول اسپتال نوشہروفیروز میں کورونا ویکسینیشن سینٹر پہنچے۔ اس موقع پر انہوں نے ویکسی نیشن کے عمل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے خود بھی کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوائی۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے خود ویکسین لگوائی ہے مجھے خود کورونا ہوا تھا اس لئے مجھے احساس ہے کہ کورونا کتنا خطرناک مرض ہے۔ اس لئے میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کو وہ پچاس سال سے زائد افراد اپنی رجسٹریشن کے بعد ضلع کے تمام تحصیلوں میں قائم کورونا ویکسی نیشن مرکز پر سے ویکسین لازمی لگوائیں۔ 

About Author

Leave A Reply