کراچی(ای این این ایس) کراچی کے علاقے شرین جناح کالونی سے ضلع خیبر لنڈیکوتل کے رہائشی معروف ٹرانسپورٹر حاجی علیم خان کے بیٹے ابراہیم افریدی کو اغوا کر لیا گیا ہے۔ ابراہیم افریدی عرصہ دراز سے کراچی میں ٹرانسپورٹ کا کام کرتا آرہا ہے، جس کو دن دیہاڑے کچھ نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کر لیا۔ عینی شاہدین کے مطابق اغوا کار پولیس وردی میں ملبوس تھےاور کچھ دیگر مشکوک افراد بھی پولیس وردی میں ملبوس افراد کے ساتھ موجود تھے۔
ابراھیم آفریدی کے بھائی صدام حسین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ابراہیم آفریدی کو تاوان کی غرض سے اغوا کیا گیا ہے کیونکہ مقامی پولیس کو بھی لاعلم رکھا گیا ہے اور نہ ہی وہاں کے مقامی پولیس اسٹیشن میں کوئی اندراج ہوا ہے۔ صدام حسین کا کہنا ہے کہ میرے بھائی کو گزشتہ کچھ دنوں سے دھمکی آمیز اور بھتے کی کالیں آرہی تھیں۔ ابراہیم آفریدی کے والد نے اعلیٰ حکام، آئی جی سندھ، وزیر اعلیٰ سندھ اور گورنر سندھ سےاپیل کی ہے کہ ان کے بیٹے کو جلد بازیاب کرایا جائے۔
انہوں نے وفاقی وزیر نورالحق قادری، سینیٹر الحاج تاج محمد آفریدی، الحاج شاہ جی گل افریدی، ایم پی اے الحاج شفیق شیر آفریدی اور بلاول آفریدی سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ ان کے بیٹے کو جلد ازجلد بازیاب کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔