حيدرآباد(ای این این ایس) حيدرآباد يونين آف جرنلسٹس ابتک نیوز حيدرآباد کے سینیئر رپورٹر اور حیدرآباد پریس کلب کے جوائنٹ سیکریٹری اشوک شرما کو پیپلز پارٹی کے ایم پی اے ملک اسد سکندر کے پی اے سلیم برفت کی جانب سے ہراساں کرنے کی سخت مذمت کی ہے. ایچ یو جے کے صدر جئہ پرکاش مورانی، جنرل سیکریٹری جانی خاصخیلی اور دیگر عہدیداروں نے جاری کردہ مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ اشوک شرما نے حال ہی میں ایک بلڈر کو ضلع جامشورو میں زمین کی الاٹمینٹ، لاکھڑا کول فیلڈ میں بااثر افراد اور پولیس کی ملی بھگت سے کوئلے کی چوری کے متعلق خبریں بریک کی تھی اور کوٹری حلقہ میں سیاسی صورتحال پر آرٹیکل لکھا تھا جس کے بعد اشوک شرما کو مختلف طریقوں سے ہراساں کیا جارہا ہے اور دھمکیاں دی جارہی ہیں.
ایچ یو جے رہنمائوں نے واضح کیا ہے کہ صحافی اشوک شرما کو تنہا نہ سمجھا جائے، صحافی برادری اشوک شرما کے ساتھ ہے. اگر ملک اسد سکندر کے سیکریٹری سلیم برفت نے اشوک شرما کو تنگ کرنے و ٹارگٹ کرنے کا سلسلہ فوری بند نہ کیا تو حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے باضابطہ احتجاج شروع کیا جائے گا۔
دوسری جانب انسانی حقوق کے رکن و سینئر صحافی لالا حسن پٹھان و دیگر نے اشوک شرما کو تحفظ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے دھمکیوں کی شدید مذمت کی ہے۔