کوئٹہ (ای این این ایس) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف سانحہ مچھ کےخلاف کوئٹہ میں جاری دھرنے میں شامل ہو گئے۔
دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ ریاست نے دہشتگردی کی کمر توڑنے اور نیشنل ایکشن پلان پر علمدرآمد کا کہا تھا، ریاست سے اپیل ہے کہ وطن سے محبت کرنےوالوں کو انصاف فراہم کیا جائے۔
بلاول بھٹو زرداری نے دھرنے سے خطاب میں کہا کہ میں اس سانحہ پر ہزارہ بہن بھائیوں کو کیا کہہ سکتاہوں، پاکستان ایسی دھرتی ہے جہاں ہمارے شہیدوں کو بھی احتجاج کرناپڑتاہے، پاکستان میں سب کچھ منہگا ہوچکا، مزدور، سیاسی کارکن ،وکلاء کا خون سستاہوچکا، 1999سے اب تک ہمارے 2 ہزار لوگ شہید ہوچکےہیں، کسی کو انصاف نہیں ملا۔
بلاول نے کہا کہ آپ لوگ اپنے شہیدوں کے ساتھ احتجاج کر رہےہیں، میں بھی ایک شہیدوں کےخاندان سےہوں، ہم بھی آج تک اپنے شہیدوں کو انصاف نہیں دلاسکے، جب تک زندہ رہوں گا، یہی کوشش ہوگی ہمارے غریب عوام کو جینےدیاجائے، جو ملک میں سب سے زیادہ محب وطن ہیں وہ سامنے بیٹھے ہیں، ان لوگوں کو انصاف نہیں دلواسکےتو باقی کسی کو کیا انصاف دلوائیں گے۔
نائب صدر ن لیگ مریم نواز نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ آپ کے پیارے آپ سے چھینے گئے، آپ پر جو قیامت ٹوٹی اس پر دلی تعزیت کرتی ہوں، پانچ دن سے دیکھ رہے ہیں، آپ کی تکلیف کااحساس ہے، جس پر گزرتی ہے وہی جانتا ہے، پوری قوم آپ کے غم میں شریک ہے۔
مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کے حوالے سے کہا کہ بےحسی، ناکامی کوآپ سیاست کہہ کر ٹال دیں یہ ہونے نہیں دیں گے، آپ کو یہاں آنا پڑے گا، یہ آپ سے کوئی بڑی چیز نہیں مانگ رہے، آپ تنقید کے ڈر سے نہیں آرہے، کوئی بات نہیں تھوڑی تنقید سن لیں۔
خیال رہے کہ مچھ میں 11 ہزارہ مزدوروں کے قتل کے خلاف کوئٹہ سمیت ملک بھر میں احتجاج جاری ہے۔