نوشہرو فیروز (رپورٹ: منظور ملک/ ای این این ایس) کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن سید محسن علی شاہ کی زیر صدارت 14 اگست جشن آزادی کا دن شایان شان اور جوش و جذبے کے ساتھ منانے کے حوالے سےایک اجلاس کمشنر آفیس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر فیاض حسین راہوجو، ڈپٹی کمشنر سانگھڑ عمران الحسن خواجہ، ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز کیپٹن (ر) بلال شاہد راؤ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد جنید حمید سموں، ڈائریکٹر انفارمیشن شفیق حسین میمن، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عبیداللہ صدیقی، ڈائریکٹر ایجوکیشن پرائمری شہید بینظیرآباد نادر علی سومرو، ایڈیشنل ڈائریکٹر تعلیم سیکنڈری محمد بخش خاصخیلی، ڈائریکٹر تعلیم پرائیوٹ اسکولز غلام مجتبیٰ دایو اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر سید محسن علی شاہ نے کہا کہ 14 اگست جشن آزادی کا دن تینوں اضلاع میں ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایاجائے گا اور ملک کے لئے خدمات و قربانیاں دینے والے ہیروز کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا جشن آزادی کے سلسلے میں تمام سرکاری دفاتر و عمارتوں کو برقی قمقموں سے روشن کرنے کے ساتھ ساتھ قومی پرچم و جھنڈیوں سے سجایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر 14 اگست کی صبح پرچم کشائی و دیگرجشن آزادی کی تقاریب مکمل ایس او پیز کے تحت مختصر کی جائیں گیں اس کے علاوہ 14 اگست کو مریضوں میں پھل اور جیلوں میں بند قیدیوں میں مٹھائی تقسیم کی جائے گی۔
کمشنر سید محسن علی شاہ نےڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کو ہدایات دیں کہ جشن آزادی کے موقع پر ڈویژن کے تمام شہروں میں صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں اور چھوٹے بڑے شہروں کو قومی پرچموں و جھنڈیوں سے سجایا جائے۔ کمشنر نے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایات دیں کہ 14 اگست کو دفاتر وبڑے اسکولوں میں پرچم کشائی کی تقاریب ایس او پیز کے تحت منعقد کی جائیں اور ان تقاریب میں اسکولوں کے طلباء وطالبات کو شامل نہ کیا جائے۔