ایبٹ آباد(رپورٹ: نوید اکرم عباسی/ ای این این ایس) کرکٹ کے شوقین لڑکوں نے گراونڈ نہ ہونے کو مجبوری نہیں بنایا بلکہ عید قربان کے بعد سرکل بکوٹ کے پہاڑوں میں جگہ جگہ کرکٹ ٹورنامنٹ منعقد کئے۔
ایسا ہی ایک انوکھا کرکٹ گراونڈ یونین کونسل بیروٹ کے گاوں نکر موجوال مکش پوری پہاڑی کے دامن میں نوجوانوں نے بنا کر کرکٹ سے محبت کی داستان رقم کردی۔
اس ٹورنامنٹ کے فائنل میں لہور گاوں کی ٹیم نے بکوٹ شریف ینگ سٹار کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر فائنل اپنے نام کیا۔ بہترین باولر فرحان ارباب عباسی جبکہ بیٹسمین عمیر عباسی کو قرار دیا گیا۔ فائنل میں بکوٹ نے پہلے کھیلتے ہوئے آٹھ اوورز میں 80 رنز بنائے جس میں حنیف عباسی 48 پر ناٹ آؤٹ رہے۔ لہور کے کیپٹن عمیر عباسی نے شاندار بیٹنگ کرکے اپنی ٹیم کو فاتح بنایا اس علاقے میں سردار مہتاب احمد عباسی گورنر اور وزیر اعلی١ رہے ہیں اور گزشتہ 8 سالوں سے پاکستان تحریک انصاف کی حکمرانی ھے۔ موجودہ حکومت خیبر پختونخواہ اسمبلی میں اس حلقہ سے نزیر احمد عباسی اور قومی اسمبلی میں مسلم لیگ کے مرتضی جاوید عباسی ممبر قومی اسمبلی ہیں مگر بکوٹ، بیروٹ پلک ایوبیہ، مولیا نمبل پٹن کلاں ٹھنڈیانی، بوئی، ککمنگ دلولہ تک کوئی گراونڈ نہیں اور بہت بڑی تعداد میں نوجوان اسی طرح پہاڑوں میں جان خطرے میں ڈال کر اپنا شوق پورا کرتے ہیں۔نوجوانوں اور عوام علاقہ کا مطالبہ ھے کہ بکوٹ سرکل کی ویلج کونسل میں گراونڈ مہیا کیئے جائیں۔