نوشہروفیروز (ای این این ایس) ضلع کائونسل نوشہروفیروز کا سالانہ بجٹ اجلاس برائے سال 2021 -2020 منگل کے روز ضلع کائونسل ھال میں ہوا، جس میں بجٹ پیش کیا گیا۔ سابق رکن سندھ اسیمبلی و چیئرمین ضلع کاؤنسل عبدالستار عباسی نے بجٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ سال 21-2020 کی کل آمدن 67کروڑ 64 لاکھ 29 ہزار 315 روپے جبکہ کل اخراجات 67 کروڑ 60 لاکھ 85 ہزار 558 روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ اس طرح یہ بجٹ 3 لاکھ 43 ہزار 757 روپے بچت کا بجٹ ہے۔
بجٹ کے مزید تفصیل بتائے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سال کورونا وائرس کی وجہ سے نئی اسکیموں پر حکومت سندھ کی جانب سے پابند ی ہے، جبکہ پہلے سے جاری ترقیاتی اسکیموں پر کام مکمل کرایا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ اس بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا۔ اس سال تنخواہوں اور پینشن کی ادائیگی کیے لئے 26 کروڑ 72لاکھ 5ہزار، قدرتی آفات کے لئے 1 کروڑ 10 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم نے ہر یونین کاؤنسل میں بغیر کسی سیاسی تفریق کے ترقیاتی کام کرائے ہیں اور کوشش کی ہے کہ غریب آدمی کی مدد کرسکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب میں نے موجودہ ضلع کاؤنسل کی چارج سنبھالی تو اس وقت ضلع کاؤنسل 9 کروڑ روپے کی مقروض تھی اور اب جب ہم اپنی آئینی مدت پوری کررہے ہیں تو ضلع کاؤنسل کے اکاؤنٹ میں 6 کروڑ 82 لاکھ روپے کی بچت چھوڑ کرجارہے ہیں۔
اس موقع پر امیر بخش راجپر، امید علی راجپر، محمد یونس سولنگی اور دیگر ممبران نے خطاب کیا۔