ڈیرہ اسماعیل خان(رپورٹ: مجیب وزیر/ای این این)
پشتون تحفظ موومنٹ(پی ٹی ایم) کے سربراہ منظور احمد پشتین کو سنٹرل جیل ڈیرہ اسماعیل خان سے رہا کردیا گیا ہے۔ سینکڑوں کارکنوں نے ان کا استقبال کرکے ہار پہنائیں اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔
ڈیرہ اسماعیل خان کی اسسٹنٹ ڈسٹرک سیشن جج نمبر 4 نے پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور پشتین کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کے احکامات صادر کی ہیں۔ منظور پشتین کے وکلاء پینل کے وکیل اختر سعید نے بتایا کہ منظور احمد پشتین کی 8 ایف آئی آرز میں ضمانت ہوچکی ہے، یہ ایف آئی آرس ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان میں ان کی گرفتاری سے قبل درج کی گئی تھی۔
وکیل نے کہا کہ آج جج نے یہ تسلیم کیا کہ منظور احمد پشتین کے خلاف جو ایف آئی آر کاٹی گئی تھی اس کو کورٹ نے مسترد کرتے ہوئے ضمانت دی ہے۔
دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان میں منظور احمد پشتین کے استقبال کیلئے پی ٹی ایم کے نوجوان تیاریوں میں مصروف ہیں۔
واضح رہے کہ منظور احمد کو گذشتہ مہینے پشاور سے گرفتار کیا گیا تھا، جہاں کی مقامی عدالت میں پیش کرنے کے بعد 14 دن کے جوڈیشل ریمانڈ پر انہیں سنٹرل جیل ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کیا گیا تھا۔