کراچی: سادہ لباس موٹر سائیکل سوار دو پولیس اہلکار قتل، مقتولین کا تعلق لاڑکانہ اور سانگھڑ سے تھا

0

کراچی (ای این این) کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے ہیں۔
ملزمان کو سی سی ٹی وی میں فرار ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ایس ایس پی ویسٹ شوکت کھٹیان نے واقعے کو ٹارگٹ کلنگ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ ریزور پولیس کے 2 اہلکار ڈیوٹی پر جارہے تھے کہ موٹر سائیکل سوار دشتگردوں نے انہیں نشانہ بنایا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ شہید ہونے والے دونوں اہلکار کانسٹیبل اللہ دتہ اور احمد علی بالترتیب ضلع سانگھڑ اور لاڑکانہ کے رہائشی تھے۔

ایڈیشنل پولیس سرجن محمد سلیم نے عباسی شہید اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں اہلکاروں کو دو دو گولیاں لگیں، جنہیں سر اور سینے پر گولیاں ماری گئیں، فائرنگ چھوٹے اسلحے سے قریب سے کی گئی ہے۔

ایس ایچ او مومن آباد آصف منور کے مطابق سادہ کپڑوں میں ملبوس دونوں اہلکار ایک ہی موٹر سائیکل پر سوار تھے، عینی شاہدین کے مطابق نوری چوک پر اسپیڈ بریکر کی وجہ سے ان کی موٹر سائیکل آہستہ ہوئی تو موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان نے نائن ایم ایم پسٹل سے دونوں پولیس جوانوں پر فائرنگ کی۔

دوسری جانب کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر احمد شیخ نے ایس ایس پی ویسٹ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان نے فائرنگ کی اور فرار ہوگئے، 2 ملزمان نے پی کیپ اور ایک نے ہیلمٹ پہن رکھا تھا۔

About Author

Leave A Reply