مہنگائی کے سونامی  سمیت دیگر مسائل سے صاف ظاہر ہے کہ پی ٹی آئی کی اتحادی حکومت ناکام ہو چکی: اشفاق احمد منگی

0

ایبٹ آباد(رپورٹ: دلدار ستی) پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے مرکزی وائس چیئرمین و سابقہ مشیر سندھ اشفاق احمد منگی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت غریبوں کے مسائل حل کرنے میں ناکام نظر آرہی ہے، جس کی بڑی وجہ مہنگائی میں اضافہ ہے، جس نے عوام سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی ہے۔

انہوں نے پیر کے روز ایبٹ آباد  پریس کلب میں  میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ “میں یہاں سندھ کے مسائل پر بات کرنے آیا تھا لیکن یہاں آکر  پتہ چلا کہ خیبرپختونخوا کے عوام بھی ان ہی مسائل سے گذر رہے ہیں جو ملک کے دیگر صوبوں کے لوگوں کو درپیش ہیں۔

اشفاق منگی کا کہنا تھا کہ یے کیسی تبدیلی ہے جس نے لوگوں کی زندگی اجیرن کردی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ عمران خان عوام کے مسائل حل کرے کیونکہ کہ وہ جیسے بھی آئے اس وقت ملک کے وزیر اعظم ہیں، اس لیے ان کو عوام کی امیدوں پر پورا اترنا چاہیے۔ڈالر کی اونچی اڑان، مہنگائی کے سونامی  سمیت دیگر مسائل سے صاف ظاہر ہے کہ ایک سال میں پی ٹی آئی کی اتحادی حکومت ناکام ہو چکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس لیے ایم کیو ایم سے علحدہ ہوئے کہ وہ بھی سالوں سے اقتدار میں تھی لیکن کراچی کے عوام کے مسائل حل نہ کرسکی اور اب بھی میئر اور وزارتیں ہونے کے باوجود وہی رونا رویا جا رہا ہے کہ ان کے پاس اختیار نہیں، اگر ایسا ہے تو وہ حکومت سے الگ ہوجائیں اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے حزب مخالف کا کردار ادا کریں۔

اشفاق منگی نے کہا کہ سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی گذشتہ 11 سال سے اقتدار میں ہے لیکن وہ بھی عوامی مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں، اس لیے پی ایس پی واحد جماعت ہے جو سندھ سے نفرتوں کا خاتمہ اور پورے ملک کو خوشحال دیکھنا چاہتی ہے، کیونکہ ہماری ترجیح اقتدار نہیں بلکہ عوامی مسائل کا حل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ پی ٹی آئی و ماضی میں خیبرپختونخوا میں  حکومت کرنے والی ساری جماعتیں اتنی نااہل رہی ہیں کہ ان سے شاہراہ قراقرم پر ٹریفک جام کا بھی مسئلا حل نہیں ہوا۔ ہزارہ میں برا حال ہے مانسہرہ سے ایبٹ آباد تک گھنٹوں لگ جاتے ہیں، ملک بھر سے آئے سیاح پھنسے رہتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو روایتی بیانات کے بجائے عوامی مسائل حل کرنے کی طرف توجہ دینا ہوگی ورنہ عوام میں پائی جانے والے بیچینی ان کی حکومت چلنے نہیں دیگی۔

اس موقع پر پی ایس پی کے صابر خان جدون، فہد خان تنولی آف امب،   ایگزیکیوٹو ایڈیٹر ای این این عبدالوہاب عباسی،  سینئر صحافی لالا حسن، ایبٹ آباد پریس کلب کے صدر محمد عامر شہزاد جدون، جنرل سیکریٹری راجا ہارون، سردار نوید عالم، شاہد چوہدری، دلدار احمد ستی و دیگر سیاسی ، سماجی رہنما اور میڈیا نمائندگان موجود تھے۔

About Author

Leave A Reply