پولیو سے پاک پاکستان: نوشہرو فیروز میں واک - Eye News Network

پولیو سے پاک پاکستان: نوشہرو فیروز میں واک

0

نوشہرو فیروز (ای این این)روٹری کلب نوشہرو فیروز کے زیرِ اہتمام پولیو کے عالمی دن کے موقع پر ایک آگہی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

اس پولیو واک کی قیادت روٹری کلب کے صدر پروفیسر محمد اشرف جوئیو نے کی، جبکہ روٹری اراکین محمد موسیٰ گوندل، پروفیسر محمد بچل کاکیپوتہ، ڈاکٹر ممتاز ڈانگراج، عبدالشکور عباسی، بدرالدین جتوئی، ڈاکٹر نعمت اللہ سومرو، پروفیسر امداد علی شاہ اور دیگر روٹری اراکین نے شرکت کی۔

روٹری اراکین کے علاوہ گورنمنٹ ڈگری کالج نوشہرو فیروز کے سیکڑوں طلبہ و اساتذہ، ضلعی انتظامیہ کے نمائندے ڈاکٹر وجے کمار، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے نمائندے ڈاکٹر غلام علی، یونیسیف کے نمائندے اکبر علی جونیجو، ہیلتھ ورکرز اور پولیو ویکسینیٹرز نے بھی واک میں حصہ لیا۔

پولیو آگاہی واک کا آغاز گورنمنٹ ڈگری کالج نوشہرو فیروز سے ہوا جو پریس کلب نوشہرو فیروز کے سامنے اختتام پذیر ہوئی۔ واک کے اختتام پر صدر، روٹری اراکین، ڈاکٹروں، پروفیسروں اور طلبہ نے پولیو کے خاتمے اور اس وبا سے بچاؤ کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔روٹری کلب نوشہرو فیروز کے صدر پروفیسر محمد اشرف جوئیو نے اپنے خطاب میں کہا کہ دنیا بھر سے پولیو کا خاتمہ ہوچکا ہے، تاہم بدقسمتی سے صرف پاکستان اور افغانستان میں یہ مرض اب بھی موجود ہے، جس کی ایک بڑی وجہ کچھ ذمہ دار اداروں کی عدم سنجیدگی اور ان والدین کا عدم تعاون ہے جو اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے انکار کرتے ہیں۔

واک کے دوران روٹری اراکین محمد موسیٰ گوندل، عبدالشکور عباسی، پروفیسر محمد بچل کاکیپوتہ، ڈاکٹر ممتاز ڈانگراج، ڈاکٹر نعمت اللہ سومرو اور بدرالدین جتوئی نے پولیو کے خطرات پر روشنی ڈالی اور پاکستانی عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ پاکستان کو دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پولیو سے پاک ملک بنایا جا سکے۔

About Author

Leave A Reply