نوشھروفیروز(ای این این) فرید دیرو پولیس نے لڑکی کی تشدد زدہ ملنے والی نعش اور اندھے قتل کا معمہ 24 گھنٹے میں حل کردیا۔ ایس ایس پی نوشھروفیروز سنگھار ملک کے فوری حکم پر، پولیس نے غیرت کے نام پر قتل میں ملوث چار مرکزی ملزمان کو گرفتار کرکے، سرکاری مدعیت میں سیاہ کاری کا مقدمہ درج کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق فرید دیرو تھانہ کی حدود پرانا جتوئی میں 17/18 سالہ غیرشادی شدہ نوجوان لڑکی یاسمین کوریجو کو اپنے سگے رشتیداروں نے غیرت کے نام پر قتل کیا اور دعویٰ کیا کہ نامعلوم ملزمان نے لڑکی کو قتل کیا ہے۔
پولیس نے کامیاب کاروائی کرکے مرکزی ملزم سمیت
وحید ولد مولا بخش کوریجو، ندیم ولد عبدالمجید کوریجو، لطیف ولد عبدالمجید کوریجو، کاشف ولد نذیر چانڈیو کو گرفتار کر لیا۔
مذکورہ ملزمان کے خلاف سرکار کی مدعیت میں مقدمہ گناھ نمبر 20/2024
قلم؛ 302، 201، 311، 120 ب پی پی سی کے تحت درج کیا گیا ہے۔ دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ سفاک ملزمان نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔
ورثاء کی جانب سے میت کی ممکنہ بےحرمتی کے پیش نظر، ایس ایس پی نوشھروفیروز سنگھار ملک کی خصوصی ہدایات پر، پولیس اور خواتین پولیس نے پرانا جتوئی پہنچ کر میت کی اس کے عزیز اور خواتین رشتیداروں کے ہمراہ آخری رسومات ادا کی اور جنازہ نماز میں شرکت کی۔
دریں اثنا سیاسی سماجی حلقوں نے ایس ایس پی کی دور اندیشی اور مستعدی کو سراہا ہے۔