لاہور(رپورٹ: یوحنا جان/ای این این) کرسچن جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان ( CJAP) کے زیر اہتمام سنیچر کو سالانہ ایسٹر گیٹ ٹو گیدر بمقام ینگ مین کرسچن ایسوسی ایشن (Y.M.C.A) مال روڈ لاہور میں منعقد کیا گیا- اس موقع پر پاکستان کے تمام علاقہ جات سے مسیحی صحافیوں کو مدعو کیا گیا تاکہ عید قیامت المسیح کی خوشیوں میں سب کو برابر شریک کیا جا سکے- اس پروگرام کے مہمان خصوصی ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل نولکھا چرچ لاہور تھے- نظامت کے فرائض روزمانہ جنگ سے وابستہ سمیر اجمل نے ادا کیے-مرحوم چیف فوٹوگرافر عارف بھٹی کی فیملی کو بھی مدعو کیا گیا تھا اور صحافت کے میدان میں ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا-
اس پروگرام کا بنیادی مقصد پاکستان میں رہنے والے مسیحی افراد جو صحافت سے وابستہ ہیں ان کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا جائے تاکہ وہ بھی مسیح کے شاگردوں کی طرح ایک نقطہ, ایک خیال اور ایک آواز بن کر دنیا کے کونے کونے میں سچائی کا پیغام پہنچائیں، کیونکہ صحافت معاشرے کا وہ حساس ترین طبقہ ہوتا ہے جس نے معاشرے میں ہونے والی جدیدیت اور مابعد جدیدیت کا حقیقی عکس اپنے الفاظ کی صورت میں واضح کرنا ہوتا ہے
اس پروگرام کے سرگرم رکن عمانوائیل سرفراز، سیکرٹری ( YMCA) چیف آرگنائزر کاشف نواب ( CJAP) نے پروگرام کا مقصد اس کی روحانیت اور تمام آئے مہمانوں، صحافت سے وابستہ تمام افراد کو پاکستان میں مسیحی صحافیوں کی خدمات سے آگاہ کیا- سینئر جرنلسٹ ڈاکٹر کنول فیروز نے تاریخی، سماجی اور سیاسی اعتبار سے مسیحی صحافیوں کی خدمات پر روشنی ڈالی-
پروگرام میں مدعو کیے گئے مقررین نے اس پروگرام کے منعقد کئے جانے پر خوشی کا اظہار کیا اور اس بات کا عہد کیا کہ آنے والے ایام میں اس طرح کے پروگرام مستقل طور پر کیے جائیں گے تاکہ مسیحی کلام کی روحانیت اور صحافت کے مابین بنیادی و اہمیت واضح رہ سکے- سیکرٹری ( YMCA) اور چیف آرگنائزر ( CJAP) نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا-
پروگرام کے اختتام پر کیک بھی کاٹا گیا اور کھانے کا بھی اہتمام کیا گیا تاکہ ایسٹر کی خوشیوں کو آپس میں حقیقی معنوں میں بانٹا جا سکے۔