نوشھروفیرو(ای این این) پولیس نے ڈی ایس پی نوشھروفیرو اعجاز علی میمن کی قیادت میں چھاپہ مار کر 10 دن پہلے اغوا کئے گئے 2 سالہ بچے فہیم چانڈیو کو مورو کے قریب سے بازیاب کرا لیا۔
خیال رہے کہ 21 ستمبر کو نامعلوم ملزمان نے بچے کو لیٹ نگر خان چانڈیو گائوں سے اغوا کیا تھا۔
بچے کی گمشدگی کی اطلاع ورثاء نے پولیس کو جبکہ انسانی حقوق کے رہنما و سینئر صحافی لالا حسن پٹھان نے زینب الرٹ اور دیگر پولیس افسران کو دی، جس کے بعد پولیس نے ملزمان کا گھیرا تنگ کر دیا اور شک کی بنیاد پر حراست میں لی گئی عورت اور دو ملزمان سے سخت پوچھ گچھ کے بعد ان کی نشاندھی پر چھاپہ مار کر بچے کو بازیاب کرا لیا، بچہ ملتے ہی ماں باپ و دیگر ورثاء نے اس کو گلے لگا لیا جس دوران کافی جذباتی مناظر دیکھے گئے۔
دوسری جانب مٹھیانی پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ ایس ایچ او مٹھیانی لیمو خان لاشاری نے میڈیا کو بتایا کہ حساس معاملہ تھا اس لیے بڑی خبرداری سے کام کیا گیا تاکہ بچے کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔ دریں اثنا بچے کے والد نے پولیس افسران عبدالقیوم پتافی، اعجاز علی میمن و سماجی شخصیت چاکر علی چانڈیو اور میڈیا کا شکریہ ادا کیا۔