ضلع مہمند(رپورٹ: امداد مهمند/ای این این ایس) یکہ غنڈ اے سی آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ کھلی کچہری میں مختلف محکموں کے نمائندے عوامی شکایات سن نے کے لئے موجود رہے۔مواصلات، زراعت، صحت، بجلی اور ایریگیشن کے شکایات سرفہرست رہیں۔
لوئر سب ڈویژن یکہ غنڈ اے سی آفس میں علاقے کے عوام کو درپیش مسائل کو گھر کی دہلیز پر فوری حل کے لئے کھلی کچہری منعقد ہوئی۔ کچہری کا انعقاد ڈی سی مہمند افتخار عالم کے خصوصی ہدایات پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سید سیف السلام کے سربراہی میں ہوا، جس میں اے سی لوئر قیصر خان سمیت مختلف محکموں کے نمائندوں اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
کھلی کچہری میں محکمہ مواصلات، زراعت،صحت، بجلی اور ایریگیشن کے محکموں کی کارکردگی پر شکایات سامنے آئیں۔ اس کے علاوہ یکہ غنڈ غلنئی روڈ کی حالت زار بیان کی گئی جو کہ تباہ ہوگیا ہے، جس کی وجہ سے عوام اور مریضوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اس موقع پر لوڈشیڈنگ اور صحت کی سہولیات کے فقدان کابیان کیا گیا۔ ورسک لیفٹ کینال کی ناگفتہ بہ حالت کا ذکر کرتے ہوئے کسانوں نے محکمہ آبپاشی کے عملے کی غفلت اور لاپرواہی کی واشگاف الفاظ میں شکایت کی۔
اسکے علاوہ تعلیم اور زراعت بھی کھلی کچہری میں زیر بحث رہا۔ شرکاء نے کہا کہ سرکاری نوکریوں کےلئے ڈومیسائل پر بھرتی کی شرط کو ختم کیا جائے اور تمام نوکریاں شناختی کارڈ کی بنیاد پر کی جائیں۔
اے ڈی سی نے موقع پر تمام محکموں کو عوامی شکایات کے فوری حل کی ہدایات جاری کردی اور کہا کہ قبائلی عوام کی مشکلات دور کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی جارہی ہیں۔