کراچی (ای این این ایس) چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں کمسن بچی کو زیادتی کے بعد قتل کردینے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں پانچ سالہ بچی سے زیادتی اور پھر اس معصوم کا قتل انسانیت سوز واقعہ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پھول جیسی ننھی بچی مروہ پر زیادتی کے بعد تشدد اور اسے جلادینا دل دہلا دینے والا سانحہ ہے۔
سندھ پولیس مجرم تک پہنچے اور اسے کیفرکردار تک پہنچائے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کمسن بچی سے زیادتی کی تفتیش کے معاملے میں سندھ پولیس کو فوری نتائج دینے کی ہدایت کی ہے۔
بچی سے زیادتی اور قتل کے معاملے میں تفتیش کو ہنگامی بنیادوں پر آگے بڑھایا جائے۔
بلاول بھٹو زرداری نے ہدایت کی کہ سندھ حکومت کراچی میں پرانی سبزی منڈی کے رہائشی اس متاثرہ خاندان کی ہرممکن دادرسی کرے۔ دوسری جانب مکینوں نے واقعہ کے خلاف سخت احتجاج کیا۔