ممبٸی/کراچی (ای این این ایس/ م ڈ) بھارتی اداکار سنجے دت عرف سنجو بابا و منا بھاٸی پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ اداکار سنجے دت علاج کے لیے ترنت امریکا جائیں گے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ممبئی کے لیلاوتی اسپتال ذرائع کے مطابق چوتھے اسٹیج کے کینسر میں مبتلا سنجے دت کو میڈیا سے گفتگو کی اجازت نہیں ہے۔
یاد رہے کہ ہفتے کو سنجے دت کو اس وقت اسپتال لے جایا گیا تھا، جب انھوں نے سانس لینے میں تکلیف کی شکایت کی تھی، جس کے بعد انھیں پیر کو ڈسچارج کردیا گیا تھا۔ جب انھیں اسپتال میں داخل کرایا گیا تو اس وقت انکا آکسیجن لیول 90 اور 92 کے درمیان اوپر نیچے نظر آرہا تھا۔
جس کے فوری بعد انکا کورونا ٹیسٹ کیا گیا، جوکہ نیگیٹو آیا. بعدازاں معلوم ہوا کہ ان کے سینے میں فلوڈ جمع ہوا ہے اور یہ انکشاف ہوا کہ انہیں اسٹیج فور کا پھیپھڑوں کا کینسر ہے۔
اسپتال ذرائع نے بتایا کہ جب ان کا کورونا ٹیسٹ نیگیٹو آیا تو پھر ڈاکٹروں نے آکسیجن کی کمی کے باعث ان کا کینسر تجزیہ پر مبنی ٹیسٹ کیا جو کہ پازیٹو آیا۔
منگل کو سنجے دت نے اعلان کیا کہ وہ اپنے علاج کے لیے کچھ وقت تک اپنے کام کو موقوف کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے دوست اور خاندان ان کے ساتھ ہے اور وہ زور دے رہے ہیں کہ مجھے پریشان نہیں ہونا چاہیے اور غیر ضروری قیاس آرائیوں میں بھی نہیں پڑنا چاہیے۔