وانا(ای این این ایس) ضلع جنوبی وزیرستان کی تحصیل برمل کے علاقہ انگور اڈہ سے تعلق رکھنے والے محمد رحمٰن یارگل خیل وزیر اور انکے خاندان کے چھوٹے بچے و دیگر افرادنے اپنے مطالبات کے لیے سکاؤٹس کیمپ وانا کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرے میں شریک بچوں نے کسٹم ٹرمینل میں اپنا حق مانگنے کے متعلق ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھار کھے تھے جن پر انکے مطالبات درج تھے ”کہ ہمیں انصاف چاہئیے اور حق دیا جائے“۔ احتجاج کے بعد محمد رحمٰن یارگل خیل نے اپنے بچوں سمیت خاندان کے دیگر افراد کے ہمراہ حق مانگنے کیلئے واناپریس کلب کے سامنے احتجاجی کیمپ لگاکر پڑاؤ ڈال دیا۔اس موقع پر محمد رحمان وزیر نے میڈیا کو تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ انگور اڈہ میں جو کسٹم ٹرمینل بن رہاہے ہم سب اس کی تعمیر کے حق میں ہیں مخالفت نہیں کررہے۔مگرکسٹم ٹرمینل کی تعمیر میں ہمارے اباؤاجداد کی130کنال کے قریب ملکیت آئی ہے جبکہ اس زمین میں معاوضہ کا جتنا میرا اور میرے خاندان کا حق بنتا ہے وہ ہمیں نہیں ملا ہے جس کی وجہ سے ہم خاندان کے دیگر افراد اور بچوں کے ہمراہ احتجاج پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے عدالت سے سٹے آرڈر بھی لے رکھی ہے لیکن سٹے آرڈرکے باجود ٹرمینل پر کام جاری ہے جو توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔ انہوں نے حکومت سے آپیل کی کہ فوری طور پرجاری کام کو روک دیا جائے جس وقت میرے خاندان کوانصاف اور جائز حق مل جائے، اس کے بعدحکومت ٹرمینل پراپنا کام شروع کردے۔انہوں نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ، کورکمانڈر پشاور، گورنر کے پی کے اور آئی جی ایف سی ساؤتھ سے پرزور مطالبہ کیا کہ خدارہ ہمارے بے گھرچھوٹے بچوں کے حال پر رحم کھاکر انصاف دلایا جائے۔
واضح رہے کہ کچھ عرصہ پہلے قومی لشکر نے انکے خاندان کے تین کچے مکانات مسمار کئے تھے۔ اب انکے گھر کے چھوٹے بچے خیموں میں زندگی بسر کررہے ہیں اور معاشی حالت خراب ہونے کی وجہ سے ایک طرف مکانات کی تعمیر کیلئے زمین دستیاب نہیں اگر زمین میسر بھی ہو تو انکے پاس مکانات تعمیر کرنے کیلئے رقم موجود نہیں۔