کراچی(ای این این ایس) ملک بھر میں جان بچانے والی ادویات کی قلت اور ڈرگ اینلسٹ کی عدم تعیناتی کے خلاف درخواست سندھ ہاٸی کورٹ دائر کردی گٸی۔
درخواست سماجی کارکن محمود اختر نقوی کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈرگ اینلسٹ کی تقرری نہ ہونے کی وجہ سے جان بچانے والی ادوایات کی کمی ہوگئی ہے۔
بیرون ممالک سے ڈھائی کروڑ کی ادویات تاحال نہیں پہنچ سکی۔
کتے کے کاٹنے، سانپ کے کاٹنے، ٹائفائیڈ، ملیریا، ڈائلیسز کی ادویات اسپتالوں میں ناپید ہو چکی ہیں۔
درخواست گزار نے مزید کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی غفلت سے ملک بھر کے اسپتالوں میں کتے اور سانپ کے کاٹنے کی ویکسین سپلائی رک گئی ہے۔
دوا ساز کمپنیوں کو دو ماہ سے آرڈر ریلیز نہیں کئے گئے۔نیشنل کنٹرول لیباریٹری میں فیڈرل گورنمنٹ میں لیب کا عہدہ خالی ہونے کی وجہ سے آرڈر ریلیز نہیں ہوسکے۔
فیڈرل گورنمنٹ کے ڈرگ اینالسٹ کی منظوری کے بغیر ادویات مارکیٹ میں نہیں لائی جا سکتی۔
درخواست میں استدعا کی گٸی ہے کہ ادویات کی ریلیز اور ڈرگ اینالسٹ کی فوری تعیناتی کا حکم دیا جائے۔
درخواست میں وفاقی و صوبائی حکومت، ڈائریکٹر جنرل ڈرگس، سیکریٹری خزانہ کو فریق بنایا گیا ہے۔