لاہور (ای این این ایس) پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا کورونا کا شکار ہوکر جاں بحق ہوگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا کورونا کا شکار ہوکر جاں بحق ہوگئی ہیں، ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سہیل اشرف نے اس کی تصدیق کردی ہے۔
ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سہیل اشرف کا کہنا ہے کہ شاہین رضا کی 4 روز قبل طبیعت ناساز ہوئی۔ حالت بگڑنے پر انہیں علاج کے لیے ڈی ایچ کیو شفٹ کیا گیا جہاں وہ وینٹی لیٹر پر تھیں، جس کے بعد انہیں لاہور منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گئیں۔
واضح رہے کہ شاہین رضا گوجرانوالہ ضلع سے پی ٹی آئی کی واحد رکن پنجاب اسمبلی تھیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، گورنر سندھ عمران اسماعیل سمیت کئی اہم شخصیات کورونا کا شکار ہوچکی ہیں لیکن ملک میں کورونا کا شکار کسی منتخب رکن اسمبلی کی یہ پہلی ہلاکت ریکارڈ ہوئی ہے۔