جو چلے تو جان سے گذر گئے: شہید کرنل مجیب الرحمٰن بونجی میں سپرد خاک - Eye News Network

جو چلے تو جان سے گذر گئے: شہید کرنل مجیب الرحمٰن بونجی میں سپرد خاک

0

گلگت(ای این این ایس) دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں مادر وطن کی حفاظت کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے گلگت بلتستان کے بہادر سپوت کرنل مجیب الرحمٰن کو آبائی گاؤں بونجی میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا، شہید کی قبر پر صدر مملکت، وزیراعظم، آرمی چیف سمیت دیگر شخصیات کی جانب سے پھولوں کی چادریں چڑھائی گئی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے ٹانک میں دہشتگردوں کے خلاف پاک فوج کے بڑے آپریشن کے دوران کرنل مجیب الرحمٰن شہید ہو گئے تھے۔
شہید کی قبر پر فورس کمانڈر شمالی علاقہ جات میجر جنرل احسان محمود خان اور دیگر افسران نے صدر مملکت، وزیراعظم پاکستان، چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، کمانڈر ٹین کورلیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس، فورس کمانڈ شمالی علاقہ جات اور شہید کی رجمنٹ کی طرف سے پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔ اس موقع پر پاک فوج کے ایک چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی دے کر خراج عقیدت پیش کیا.
اس سے قبل منگل کی صبح جب شہید کے جسد خاکی کو گلگت لایا گیا تو آرمی ہیلی پیڈ جوٹیال گلگت میں شہید کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ فورس کمانڈر شمالی علاقہ جات میجر جنرل احسان محمود خان نے شہید کی نماز جنازہ پڑھائی۔
نماز جنازہ میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن، سابق کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل (ر) ہدایت الرحمٰن، آئی جی پولیس گلگت بلتستان مجیب الرحمٰن، شہید کے والد ڈی آئی جی (ر) حاجی میر افضل، عزیز و اقارب، اعلیٰ عسکری و سول حکام اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی. اس موقع پر بھی پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی دی۔

About Author

Leave A Reply