پاک افغان بارڈر پر مسافروں اور اہلکاروں میں جھڑپ، فائرنگ، ایک بچی اور بزرگ جانبحق، دو زخمی

0

وانا(ای این این ایس) پاک افغان بارڈر انگوراڈہ بارڈر گیٹ پر فائرنگ، جھڑپیں، معمر شخص سمیت ایک بچی ہلاک، جبکہ 2 افراد زخمی ہو گئے۔
جنوبی وزیرستان پاک-افغان بارڈر انگوراڈہ دوستی گیٹ پر اس وقت عوام پر فائرنگ شروع کر دی گئی جس وقت رش کی وجہ سے لوگوں کا جم غفیر بارڈر کے آر پار جمع تھا۔ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماء محمد آیاز وزیر نے کہا کہ میں اس وقت بارڈر پر موجود تھا جس وقت یہ واقعہ پیش آیا، ان کا کہنا تھا،کہ 4 مہینوں سے بارڈر بند تھا، جس کی وجہ سے بارڈر کے آرپار کثیر تعداد میں لوگ جمع ہوگئے تھے، لوگوں کے آنے جانے میں بڑی دقت درپیش تھی لوگوں کی رجسٹریشن کیلئے بارڈر کے اس پار صرف ایک شخص موجودتھا جو کہ آرپار جانے والے مسافروں کا اندراج کررہا تھا، جس کی وجہ سے رش بڑھ گیا اور لوگ مشتعل ہوگئے۔
مشتعل لوگوں نے مبینہ طور پر پتھراو شروع کردیا، جس کے بعد فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، بھگدڑ کی وجہ سے ایک 7 سالہ بچی اور ایک معمر مریض جان بحق ہوگئے ہیں، جبکہ فورسز کی مبینہ فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوگئے ہیں، جن کو فوری طبی امداد کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال وانا پہنچادیا گیا ہے، جن کی حالت ڈاکٹروں نے خطرے سے باہر بتائی ہے۔
ایاز وزیر کا کہنا ہے کہ مسافروں کو رغزئی اور خمرانگ چیک پوسٹوں پر غیرقانونی طور پر تنگ کیا جارہا ہے، حکومت کو چاہئے کہ وہ اس کآ نوٹس لے۔
دوسری جانب فائرنگ کے واقعہ کے بعد بھی پاک افغان بارڈر انگوراڈہ گیٹ پر آمدورفت کا سلسلہ جاری ہے۔

About Author

Leave A Reply