مشہور لیگ اسپنر اور گوگلی کے شہنشاہ عبدالقادر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے

0

لاہور (ای این این ایس) پاکستان کے مایہ ناز لیگ اسپنر اور گوگلی کے شہنشاہ عبدالقادر لاہور میں انتقال کرگئے۔

عبدالقادر کے داماد کامران اکمل نے موت کی تصدیق کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ عبدالقادر کو دل کا دورہ پڑنے پر اسپتال پہنچانے کی کوشش کی گئی تاہم وہ راستے ہیں میں دم توڑ گئے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے عبدالقادر کے انتقال کی خبر پر صدمے کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔
عبدالقادر اپنے دور کے بہترین لیگ اسپنر تھے، وہ چیف سلیکٹر بھی رہ چکے تھے۔

عبدالقادر نے دسمبر 1977ء میں انگلینڈ کے خلاف لاہور میں ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا اور 67 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

ٹیسٹ کیریئر کے دوران انہوں نے 32 اعشاریہ 80 کی اوسط سے مجموعی طور پر 236 وکٹیں حاصل کیں۔

کسی بھی ٹیسٹ کی ایک اننگز میں اُن کی بہترین بولنگ 56 رنز کے عیوض 9 وکٹیں تھی جبکہ 101 رنز دے کر 13 وکٹیں کسی بھی ٹیسٹ میچ میں اُن کی سب سے اچھی پرفارمنس تھی۔

ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں عبدالقادر نے اپنے کیریئر کی ابتداء جون 1983ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف برمنگھم، انگلینڈ میں کی۔

عبدالقادر نے 104 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں 26 اعشاریہ 16 کی اوسط سے 132 وکٹیں حاصل کیں، 44 رنز دے پانچ وکٹیں اُن کی بہترین پرفارمنس رہی۔

ان کی وفات پر جہاں پاکستان کے کرکٹرز نے اظہار افسوس کیا وہیں بھارت کے مایہ ناز بئٹس مین سچن ٹنڈولکر، بالر انیل کمبلے و دیگر نے ٹوئٹر پیغام میں اپنے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

About Author

Leave A Reply