بکوٹ کے لیے نجی شعبہ میں سیاحت پر بڑی سرمایہ کاری میں بھتہ خوروں کی جانب سے رکاوٹ ڈالنے کی کوشش، فائرنگ - Eye News Network

بکوٹ کے لیے نجی شعبہ میں سیاحت پر بڑی سرمایہ کاری میں بھتہ خوروں کی جانب سے رکاوٹ ڈالنے کی کوشش، فائرنگ

0

بکوٹ(رپورٹ:نوید اکرم عباسی)
خیبرپختونخواہ کے تھانہ بکوٹ کے علاقے بیروٹ میں کراچی کے ایک سرمایہ کاردوعلاقوں بیروٹ خورد اور بیروٹ کلاں کو شاہراہ کشمیر ترمٹھیاں سے مکش پوری کے دامن میں نکر قطبال تک چیئر لفٹ کے ذریعے ملانے اور سیاحت کے فروغ کیلئے جدید لفٹ کی تنصیب کر رہے ہیں جو اس علاقے میں نجی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے سب سے بڑا منصوبہ ہے۔ جس کا تخمینہ لاگت کروڑوں میں بتایا جا رہا ہے۔
بیروٹ کے علاقوں کو جدید ترین لفٹ سے منسلک کرنے کا یہ منصوبہ کراچی کے ایک سرمایہ کار امتیاز عباسی کا ہے جو اس منصوبے پر خطیر رقم خرچ کر رہے ہیں لیکن گاوں نکر قطبال کے ایک شخص عبدالرحمان نے لفٹ تنصب کرنیوالے عملے کو فائرنگ کرکے موقع پر کام کرنے سے روک دیا۔
سرمایہ کار امتیاز عباسی کے لفٹ منصوبے کے انچارج خالد محمود نے تھانہ بکوٹ کو درخواست دی ہے کہ عبدالرحمن نامی شخص انہیں اور ان کے سٹاف کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہا ہے اور گذشتہ روز اس نے ہم پر فائرنگ بھی کی ہے۔خالد محمود نے اپنی درخواست میں مزید کہا ہے کہ عبدالرحمان ہم سے 50 لاکھ روپے بھتہ مانگ رہا ہے اور کہتا ہے کہ اگر مجھے بھتہ نہیں دو گے تو میں لفٹ کا کام نہیں ہونے دونگااور نہ ہی سیاحوں کو اس علاقے میں آنے دونگا۔
انہوں نے اس منصوبے میں رکاوٹ ڈالنے ، فائرنگ کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکی دینے پر پولیس تھانہ بکوٹ کو کارروائی کیلئے درخواست کی ہے۔اور کہا ہے کہ ایک شخص جو علاقے میں خوف وہراس پھیلا رہا ہے اور جس کی وجہ سے علاقے کو ملنے والا بڑا منصوبہ نہ صرف تعطل کا شکار ہو گیا ہے بلکہ سینکڑوں مزدور بھی بے روز گار ہو گئے ہیں، اس لئے اس پر ضلع ایبٹ آباد کی انتظامیہ سمیت حکومت فوری کارروائی کرے۔

About Author

Leave A Reply