امیتابھ، ابھیشیک کے بعد ایشوریا بچن کا بھی کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا

0

ممبئی/ کراچی (ای این این ایس/ م ڈ) بھارتی فلم اسٹار ایشوریا رائے بچن اور اُن کی بیٹی ارادھیا بچن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جبکہ اُن کی ساس یعنی امیتابھ بچن کی اہلیہ اور ابھیشیک بچن کی والدہ جیا بچن کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔
گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ بالی ووڈ ورسٹائل اداکار امیتابھ بچن اور اُن کے بیٹے ابھیشیک بچن کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں جس کے بعد اُن دونوں کو ممبئی کے ناناوتی اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں قرنطینہ کردیا گیا ہے۔
امیتابھ بچن اور ابھیشیک بچن کے کورونا ٹیسٹ کے بعد اُن کے اہل خانہ کا بھی کورونا ٹیسٹ کیا گیا جس کی رپورٹس کل رات آئی ہیں، بھارتی میڈیا کے مطابق ایشوریا رائے بچن اور اُن کی بیٹی ارادھیا بچن کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جبکہ جیا بچن کا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ابھی یہ بات واضح نہیں ہے کہ ایشوریا رائے بچن اور اُن کی بیٹی کو اسپتال منتقل کردیا گیا یا پھر وہ گھر میں ہی آئسولیٹ ہیں۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ امیتابھ بچن کی رہائش گاہ کو سیل کردیا گیا ہے اور اس دوران کسی کو گھر سے باہر اور اندر جانے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ صرف اشیائے ضرورت فراہم کرنے کی اجازت ہوگی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز امیتابھ بچن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے کورونا مثبت آنے سے متعلق آگاہ کیاتھا ، اُنہوں نے بتایا تھا کہ اُن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے اور اُنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ اس حوالے سے متعلق حکام کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب ابھیشیک بچن نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ اُن کا اور اُن کے والد امیتابھ بچن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔
انہوں نے اپنے چاہنے والوں اور دیگر افراد سے درخواست کی کہ وہ تمام افراد جو گزشتہ 10 دن کے دوران ان کے قریب رہے، وہ تمام افراد بھی اپنے ٹیسٹ کرالیں۔

About Author

Leave A Reply