افغان وفد کی وزیر اعلیٰ بلوچستان سے ملاقات، امن کی اہمیت اور ترقی پر بات چیت

0

کوئٹہ (ای این این ایس) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے حزب وحدت اسلامی مردم افغانستان پارٹی کے سربراہ حاجی محمد محقق کی قیادت میں پارٹی کے اراکین قومی اسمبلی اور سینٹ افغانستان کے وفد نے ملاقات کی، صوبائی وزراء بھی ملاقات میں موجود تھے۔

وفد ان دنوں پاکستان کے خیرسگالی دورے پر ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کا فروغ اور استحکام ہے۔ وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین صدیوں پر محیط مذہبی، ثقافتی، تجارتی اور سیاسی تعلقات ہیں، ان تعلقات میں بے شک اتارچڑھاؤ آتا رہتا ہے تاہم دونوں ممالک کی قیادت سے اچھی توقعات ہیں کہ وہ باہمی تعلقات کو اس نہج پر لے جائیں گے جس کی دنیا میں مثال دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات جتنے اچھے ہوں گے اس کا معاشی فائدہ دونوں ممالک کے عوام کو پہنچے گا اور غربت اور پسماندگی دور ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جب ہمسایہ ممالک میں اقتصادی اور معاشی تعلقات بڑھتے ہیں تو امن آتا ہے اور جب یہ تعلقات خراب ہوتے ہیں تو دوریاں پیدا ہوتی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ عقل مندی کا تقاضہ بھی یہی ہے کہ مستقبل کی ضروریات کوسامنے رکھتے ہوئے آج ہی بہتر فیصلے کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تاپی گیس پائپ لائن پروجیکٹ، سی پیک روٹ، وسط ایشیائی ریاستوں تک رسائی میں افغانستان کا اہم کردار اور جغرافیائی اہمیت ہے۔
ہمارے خطے کے وسائل کی بناء پر اس کی اقتصادی اور معاشی اہمیت مسلمہ ہے جس کا بھرپور فائدہ اٹھاکر ہم غربت اور پسماندگی کو دور کرسکتے ہیں اور آنے والے وقت میں بہتری کی صورت میں کامیابی مل سکتی ہے۔
اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے افغان وفد کے سربراہ نے پرجوش استقبال پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفدمیں شمالی افغانستان سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی وسینٹ شامل ہیں، وفد کا دورہ باہمی تعلقات کی بہتری کی جانب قدم اور دونوں ممالک کی سیاسی جماعتوں میں تعلقات کا فروغ ہے، ہم صرف ہمسایہ ہی نہیں بلکہ دینی بھائی بھی ہیں اور اس ناطے ایک دوسرے پر حق رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے استحکام کو تسلسل کے ساتھ قائم رہنا چاہیئے، اور قیادت اگر غلطی کرے تو اسے عوامی مفادات پر اثرانداز نہیں ہونا چاہئے، انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کو دوسرا گھر سمجھتے ہیں، پاکستان کے ساتھ برادرانہ معاشی تعلقات افغانستان کے عوام کی خواہش اور ان کی پارٹی کی پالیسی بھی ہے، ان کا دورہ باہمی تعلقات کے لئے مفید ثابت ہوگا، انہوں نے کہا کہ پاکستان کئی سالوں سے افغان پناہ گزینوں کی مہمانداری کررہا ہے اور پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کا ساتھ دیا جس کے لئے ہم شکرگزار ہیں، انہوں نے کہا کہ پشاور جلال آباد موٹروے اور سی پیک میں افغانستان کی شرکت کے دوررس نتائج سامنے آئیں گے اور افغانستان کو گرم پانیوں تک آسان رسائی مل سکے گی۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان غلط فہمیاں دور ہونی چاہئیں اور دونوں جانب کے سیکیورٹی حکام مل بیٹھ کر سیکیورٹی معاملات کو طے کریں، بعدازاں وزیراعلیٰ کی جانب سے وفد کے اراکین کو تحائف پیش کئے گئے اور ظہرانہ دیا گیا۔

About Author

Leave A Reply