ارشاد رانجھانی قتل کو لسانی و سیاسی رنگ دینے نہیں دینگے، رمشا کیس میں سارے ملزمان گرفتارکیے، مرادعلی شاہ

0

 کراچی/ ٹنڈو باگو  (ای این این) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے  کہ ارشاد رانجھانی کے قتل کو لسانی رنگ دینے کی کوشش کی جارہی ہے،ہم اس معاملے میں کسی کو بھی سیاسی رنگ نہیں دینے دیں گے۔ چیف جسٹس نے ایف آئی اے کو بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ کا نام ای سی ایل سے فوری طور پر نکالنے کا حکم دیا ہے۔حکومت سندھ تعلیم کی بہتری کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے، ہم صوبے میں یونیورسٹیاں بھی قائم کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹنڈو باگو میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اسکولوں میں سہولیات کی کمی کو ہنگامی بنیادوں پر پورا کیا جا رہا ہے، ہم نے سہولیات کی کمی کو پورا کرنے کے لیے 42 سو اسکولوں کو بجٹ دیا ہے،ارشاد رانجھانی قتل کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ارشاد رانجھانی کے قتل کو لسانی رنگ دینے کی کوشش کی جارہی ہے،یہ واقع انسانیت کے خلاف ہے، جس کسی کے ساتھ ناانصافی ہوگی حکومت سندھ ان کے ساتھ کھڑی ہوگی، وہ سندھی ہے یا کوئی اور ہے میرا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

  انہوں نے کہا کہ رمشا وسان کیس میں بھی ہم نے سختی سے عمل کیا ہے، رمشا وسان کیس کے تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ای سی ایل میں شامل ناموں کے حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ چیف جسٹس نے ایف آئی اے والوں سے پوچھا کہ آپ نے کس کے کہنے پر بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ کا نام ای سی ایل میں ڈالا ہے، چیف جسٹس نے انہیں بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ کا نام فوری طور پر ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا ہے۔

انہوں نے پانی کی کمی کے حوالے سے کہا کہ سندھ کو اس کے حصے کا پانی نہیں دیا جا رہا ہے جس کے باعث سندھ کے کاشتکاروں کو پانی کی قلت کا سامنا ہے، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے صوبوں کو ریسورسیز کی ریکوری بہتر نہیں ہے، 85 فیصد ریسورسیز صوبوں کو وفاق سے ملتے ہیں جس کے لیے ہم نے وفاق سے بات چیت کی ہے۔

تقریب سے خطاب کے دوران سندھ کے وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے کہا کہ اساتذہ کی کمی کچھ زیادہ نہیں ہے تاہم ٹرانسفر پوسٹنگ کا مسئلہ ضرور ہے، ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں 28 طلبہ کے لیے ایک استاد مقرر ہوتا ہے، ایک لاکھ پچاس ہزار طلبہ کے لیے بیالیس ہزار اساتذہ موجود ہیں۔

قبل ازیں وزیر اعلیٰ سندھ نے ٹنڈو باگو میں میر غلام محمد تالپر اسکول کی صد سالہ تقریب میں شرکت کی۔ سیکرٹری کالجز پرویز احمد سیہڑ نے کالج کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایک کلاس میں طلباء سے بات چیت بھی کی، تقریب کے انتظامات اولڈ بوائز ایسوسی ایشن نے انجام دیئے، اس موقع پر محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے ایثال ثواب کیلئے دعا بھی کی گئی۔

دوسری جانب انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا نے چلا دیا کہ مراد علی شاہ گاڑیوں کے قافلے میں ٹنڈو باگو پہنچے جبکہ میرے ساتھ ایک گاڑی تھی باقی یہاں کے دوستوں کی گاڑیاں تھیں۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اولڈ بوائز ایسوسی ایشن، میر غلام محمد خان ٹالپر اسکول کے نمائندوں میں ایوارڈز تقسیم کئے۔

About Author

Leave A Reply